ملتان: پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن نے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ ،گیس بحران ،ادویات کے بحران پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور اسے ملکی پالیسیوں کی ناکامی قرار دیتے ہوئے فوری اصلاح کا مطالبہ کیا ہے، یہ مطالبہ  پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا ،جس کی صدارت ضلع ملتان کے چیئرمین چودھری محمد اقبال عزیز نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی ڈویژنل صدر محمد اختر بٹ تھے،اجلاس میں سینیئر وائس چیئرمین راؤ علی اصغر، نائب صدر خواجہ سلیمان، جنرل سیکرٹری رانا محمدطاہر، فنانس سیکرٹری بابر شہزاد، حاجی اشفاق، انصر نواز، رانا منصور احمد، محمد علی (ایڈیشنل سیکرٹری)، محمد شہباز علوی (ایڈیشنل فنانس سیکرٹری) سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی،شرکاء نے بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ، گیس کی بندش اور اس کے نتیجے میں میڈیسن کی سپلائی چین میں آنے والی رکاوٹوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا، اجلاس میں کہا گیا کہ ملک میں توانائی کے شعبے سے متعلق پالیسیوں کی مسلسل ناکامی کے باعث لوڈ شیڈنگ اور گیس بحران شدت اختیار کر چکا ہے، جس کے براہِ راست اثرات اب شعبہ صحت پر بھی نمایاں ہونے لگے ہیں، بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ بندش، گیس کی قلت اور ناقص حکومتی حکمتِ عملی نے ادویات کی تیاری، ترسیل اور ذخیرہ کرنے کے نظام کو شدید متاثر کر دیا ہے، جس سے ملک بھر میں میڈیسن کی قلت اور قیمتوں میں بے قابو اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، انہوں نے خبردار کیا کہ اگر صورتحال پر فوری قابو نہ پایا گیا تو عوام کو صحت کے سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے،اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ میڈیسن سیکٹر کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے، گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور ادویات کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں،آخر میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر مسائل حل نہ ہوئے تو پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔