ملتان (صفدربخاری سے) جمعیت علماء اسلام ملتان کے ضلعی امیر مفتی عامر محمود نے کہا ہے کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کا بوجھ عوام پر ڈالنے کے بجائے واپس لے اور غریب عوام کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے۔ ایوانوں میں بیٹھے کروڑ پتی اراکین اسمبلی کی مراعات اور تنخواہوں میں کئی گنا اضافہ ہو چکا، مگر غریب عوام کی حالت بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے مدرسہ قاسم العلوم گلگشت میں جمعیت علماء اسلام کے ماہانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ضلعی جنرل سیکریٹری نور خان ہانس ایڈووکیٹ، سیکریٹری اطلاعات رانا محمد سعید، سرپرست حافظ محمد عمر شیخ، قاری عبدالرؤوف، مولانا امجد ضیاء، مولانا اظہر مسعود کشمیری، مفتی حبیب اللہ بلال، خواجہ زاہد حبیب، ملک جاوید اقبال کالرو، حافظ عبیدالرحمن سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام عوام کے مسائل کے حل کے لیے پارلیمان کے اندر اور باہر بھرپور جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور معاشی بدحالی نے خاص طور پر غریب اور محنت کش طبقے کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ مفتی عامر محمود نے واضح کیا کہ جے یو آئی ملک کی بڑی جمہوری عوامی جماعت ہے، جو قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں عوامی مسائل کے حل اور اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہر یونین کونسل میں یونٹ سازی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور بہت جلد گلی گلی، کوچہ کوچہ جمعیت علماء اسلام کا پیغام پہنچایا جائے گا۔اجلاس کے اختتام پر فلسطین و کشمیر کے مظلوم عوام کی آزادی، خود مختاری اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔