اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت ملک بھر کے صارفین کو جولائی کے ماہانہ بلوں میں ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، کراچی کے صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 4 روپے 3 پیسے جبکہ باقی ملک کے لیے 50 پیسے فی یونٹ کی کمی کی گئی ہے۔ یہ کمی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے۔ نیپرا کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں یہ کمی اپریل 2025 کی ایڈجسٹمنٹ کے تحت کی گئی ہے، جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں مئی 2025 کی ایڈجسٹمنٹ کی بنیاد پر نرخ کم کیے گئے ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق، کے-الیکٹرک نے اپریل کی ایڈجسٹمنٹ میں 4 روپے 69 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی، جبکہ سی پی پی اے (سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی) نے مئی کے لیے 10 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دی تھی، تاہم نیپرا نے قیمت میں کمی کا فیصلہ کرتے ہوئے سرکاری ڈسکوز کے لیے 50 پیسے فی یونٹ ریلیف دیا ہے۔ نیپرا نے واضح کیا ہے کہ مذکورہ ریلیف کا اطلاق جولائی 2025 کے بلوں پر ہوگا، جس سے صارفین کو مہنگائی کے بوجھ میں معمولی سی سہولت میسر آئے گی۔