حکومت پنجاب نے محرم الحرام کے دوران مجالس و جلوسوں کے لیے فول پروف اقدامات کیے: عظمیٰ بخاری
لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے گزشتہ روز فیصل آباد میں یوم عاشور کے مرکزی جلوس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر وہ خود فیلڈ میں موجود رہیں تاکہ سیکیورٹی، سہولیات اور انتظامات کا براہ راست جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ پورے پنجاب میں یوم عاشور انتہائی عقیدت، امن اور اخوت کے ماحول میں منایا گیا اور تمام جلوس بحفاظت اپنے مقررہ مقامات تک پہنچے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومت پنجاب نے محرم الحرام کے دوران مجالس و جلوسوں کے لیے جو فول پروف اور تاریخی نوعیت کے اقدامات کیے، ان کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ فیصل آباد سمیت صوبے بھر میں ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ، امن کمیٹیاں، پولیس، ریسکیو اور دیگر ادارے مکمل طور پر الرٹ اور متحرک رہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کی جانب سے بھرپور تعاون اور نگرانی پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ عزاداران وزیر اعلیٰ کو ان شاندار انتظامات پر دعائیں دے رہے ہیں، جو عوامی اعتماد کی بہترین عکاسی ہے۔انہوں نے مذہبی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی تفصیلات بھی شیئر کیں۔ عظمیٰ بخاری کے مطابق سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے گئے ہیں، 417 سے زائد سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کیا جا چکا ہے اور نفرت انگیز مواد پھیلانے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمات درج اور گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ تفرقہ بازی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ہمیں ایک دوسرے کے مسالک کا احترام یقینی بنانا ہوگا۔صوبائی وزیر اطلاعات نے فیصل آباد ڈویژن کی انتظامیہ کو مثالی کارکردگی پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی افسران اور سیکیورٹی ادارے مکمل جانفشانی سے امن و امان برقرار رکھنے میں مصروف عمل رہے۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے مکمل اختتام تک انتظامی ٹیمیں فیلڈ میں موجود رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز خود تمام اضلاع سے لمحہ بہ لمحہ رپورٹس حاصل کرتی رہیں اور انہوں نےحالات کی براہ راست نگرانی کی۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز اور پاک فوج کی کمپنیاں بھی تمام اہم شہروں میں تعینات رہیں، جو کہ حکومت پنجاب کی سنجیدگی، انتظامی بصیرت اور امن قائم رکھنے کے عزم کی روشن مثال ہے۔








































Visit Today : 88
Visit Yesterday : 369
This Month : 11294
This Year : 59130
Total Visit : 164118
Hits Today : 1071
Total Hits : 811169
Who's Online : 3






















