ایف بی آر کے سخت اختیارات ناقابل قبول، حکومت فوری نظرثانی کرے: عمار رضا شیخ
ملتان (صفدربخاری سے) ممبرایگزیکٹو کمیٹی ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عمار رضا شیخ نے ایف بی آر کے سیکشن 37A اور 37B کو تاجر دشمن اور آئینی حدود سے متجاوز قرار دیتے ہوئے حکومت سے فوری نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کو حاصل کردہ یہ اختیارات جن کے تحت وہ کسی بھی کاروباری ادارے پر بغیر وارنٹ چھاپہ مار سکتا ہے، ریکارڈ ضبط کر سکتا ہے اور گرفتاری جیسے اقدامات کر سکتا ہے، کاروباری طبقے کے لیے خوف، غیر یقینی اور بداعتمادی کا باعث بن رہے ہیں۔عمار رضا شیخ نے کہا کہ مہنگائی، ٹیکسوں کا بوجھ، بجلی و گیس کے بلوں میں اضافہ اور روپے کی قدر میں کمی نے کاروباری سرگرمیوں کو پہلے ہی مفلوج کر رکھا ہے۔ اب ایف بی آر کی جارحانہ پالیسیوں سے حالات مزید سنگین ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ملک بھر میں اس اقدام پر شدید تحفظات کا شکار ہے اور کہا کہ ایسے اقدامات سرمایہ کاروں کے لیے نقصان دہ ہیں اگر یہ اقدامات واپس نہ لیے گئے تو معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔عمار رضا شیخ نے وزیر اعظم، وزیر خزانہ اور چئیرمین ایف بی آر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ 37A اور 37B جیسے سخت اور غیر منصفانہ قوانین کو فوری طور پر واپس لیں، اور تاجر برادری کے ساتھ مشاورت کر کے ایک ایسا ٹیکس نظام لایا جائے جو سہولت، شفافیت اور اعتماد پر مبنی ہو۔








































Visit Today : 88
Visit Yesterday : 369
This Month : 11294
This Year : 59130
Total Visit : 164118
Hits Today : 1082
Total Hits : 811180
Who's Online : 4






















