ملتان : لائیسنس یافتہ ،بااختیار اور قانونی طور پر رجسٹرڈ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کی گاڑیوں کو ٹریفک پولیس کی جانب سے مبینہ بلاوجہ تھانوں میں بند کرنے کے خلاف ایل پی جی ایسوسی ایشن ملتان کی جانب سے ایس پی چوک پر شدید احتجاج اور دھرنا دیا گیا۔ احتجاج کی قیادت مرکزی صدر پاکستان رانا فہد اور ایل پی جی ایسوسی ایشن صدر ایسوسی ایشن ملتان محمد ناصر قاضی نے کی، جب کہ مقامی عہدیداروں سمیت دیگر عہدیداران اور ڈسٹری بیوٹرز کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔احتجاجی مظاہرین نے ٹریفک وارڈنز کی جانب سے باقاعدہ لائسنس یافتہ اور رجسٹرڈ گاڑیوں کو روکنے اور تھانوں میں بند کرنے کے عمل کو قانون سے تجاوز اور کاروباری طبقے کے خلاف بدترین ناانصافی قرار دیا، اس موقع پر صدر ایسوسی ایشن محمد ناصر قاضی نے کہا کہ اگر یہ ناروا رویہ بند نہ ہوا تو محرم کے بعد ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں ایل پی جی کی سپلائی معطل کر دی جائے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام قانونی اور بااختیار گاڑیوں کو فوری رہا کیا جائے، ٹریفک وارڈنز کو اپنے اختیارات کے دائرے میں محدود رکھا جائے، کاروباری طبقے کو بلاوجہ ہراساں نہ کیا جائے۔دریں اثناءایل پی جی ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما رانا فہد نے ٹریفک وارڈنز کی کارروائیوں کو بلاجواز ، غیر قانونی اور غیر اخلاقی قرار دیا ہے ، ان کا کہنا ہے کہ ہم قانون کے پابند اور لائسنس یافتہ کاروباری لوگ ہیں، جن کی گاڑیاں حکومت کی منظور شدہ پالیسی کے تحت چلتی ہیں۔ ٹریفک وارڈنز کی بلاجواز کارروائیاں ایل پی جی سپلائی سسٹم کو متاثر کر رہی ہیں۔ اگر فوراً اصلاح احوال نہ کی گئی تو ہم اپنا لائحہ عمل مزید سخت کرنے پر مجبور ہوں گے اور سپلائی روکنے پر مجبور ہو جائیں گے ، جس کی تمام تر زمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی، احتجاج کے باعث ایس پی چوک پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، تاہم مظاہرین پرامن رہتے ہوئے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔احتجاجی مظاہرے میں چوہدری افضل،عامر مصطفیٰ،سرفراز بلوچ،محمد ناصر قاضی،خالد بھٹہ،حسن سعید خان،بہادر کمبوہ،لطیف بلوچ،شہزاد بھٹہ،اظہر الحق،یاسر راجوانہ،کاشف ،عرفان کھوکھر رانا،فہد دلشاد ودیگر عہدیدران نے شرکت کی۔