ملتان (صفدربخاری سے)امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان صہیب عمار صدیقی نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف بڑھتی ہوئی جارحیت عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ اور ایران کی خودمختاری پر کھلی یلغار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان پریس کلب کے سامنے ایران پر امریکی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈاکٹر خالد رشید، چوہدری امین امیر جماعت اسلامی غربی زون، ملازم حسین، شیر افگن ،میاں آصف اخوانی ودیگر کارکنان نے شرکت کی ضلع ملتان صہیب عمار صدیقی نے مزید کہا کہ امریکہ کی طرف سے ایران کی خودمختار سرزمین پر حملے اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ یہ عمل نہ صرف بین الاقوامی سفارتی اصولوں کی پامالی ہے بلکہ مشرق وسطیٰ کو مکمل عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کی سازش ہے صہیب عمار صدیقی نے واضح کیا کہ امریکہ کی اسرائیل نواز پالیسی، بالخصوص ایران کے خلاف اقدامات میں اسرائیلی مفادات کو تحفظ دینا، ظلم اور ناانصافی کا کھلا مظاہرہ ہے۔ اسرائیل خود مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن چکا ہے اور اس کی پشت پناہی کرنے والا امریکہ دراصل عالمی امن تباہ کر رہا ہے انہوں نے سخت الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ جیسے جنگی جنون میں مبتلا شخص کو نوبل امن انعام کے لیے پاکستان کی جانب سے نامزد کیا جانا ایک شرمناک مذاق ہے۔ جو شخص پوری دنیا میں تصادم، نفرت اور جارحیت کی علامت بن چکا ہے، ا ±سے امن کا سفیر مقرر کرنا ہمارے نظریاتی اصولوں اور قومی وقار کے سراسر منافی ہے صہیب عمار صدیقی نے امت مسلمہ کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ خاموشی ترک کریں، ظلم کے خلاف آواز بلند کریں اور ایران کے دفاع کو صرف ایک ملک نہیں بلکہ پوری امت کے دفاع کا مسئلہ سمجھیں۔ جماعت اسلامی دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے، اور امریکہ و اسرائیل کی ظلم پر مبنی پالیسیوں کو کبھی قبول نہیں کرے گی۔