ملتان :  رائٹرز کالونی کے مکینوں نے واسا حکام کی مبینہ غفلت اور علاقے میں مسلسل سیوریج مسائل پر شدید احتجاج کیا ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ ایم ڈی واسا، ایکسین اور ایس ڈی او کو فوری طور پر عہدوں سے برطرف کیا جائے تاکہ شہری گندے پانی کے عذاب سے نجات پا سکیں۔ احتجاجی مظاہرے میں شریک شہریوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ سے پوری رائٹرز کالونی گندے پانی میں ڈوبی ہوئی ہے۔ بارہا واسا دفتر کے چکر کاٹنے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوئی، جس کے بعد عوام نے احتجاج کا فیصلہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ مسجدوں میں جانے کے لیے راستے بند ہو چکے ہیں اور علاقہ مچھروں کی افزائش اور بیماریوں کا گڑھ بن چکا ہے۔ احتجاج میں شریک اصلاحی کمیٹی کے صدر رانا شہباز، قاری نور، مستری ارشاد، اعجاز احمد، محمد مظہر، شیخ ندیم، عطاالرحمن، سلمان احمد، مبین احمد، دلشاد احمد، مسعود نیازی اور واجد بٹ نے حکومت سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے واسا کے لیے اربوں روپے کے فنڈز فراہم کیے، لیکن کوئی بہتری نظر نہیں آئی۔ مظاہرین نے مریم نواز سے اپیل کی کہ وہ کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام کو ہدایت دیں کہ وہ رائٹرز کالونی کا فوری دورہ کریں اور مسائل حل کریں۔ مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر تین روز میں گندے پانی کا مسئلہ حل نہ ہوا تو معصوم شاہ روڈ کو مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری واسا حکام پر عائد ہوگی۔