ایران پر امریکی حملہ ، جماعت اسلامی ضلع ملتان بروز سوموار شام 5:30 بجے پریس کلب ملتان کے سامنے امریکہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرے گی : صہیب عمار صدیقی
ملتان (صفدربخاری سے) امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان صہیب عمار صدیقی نے ایران پر
امریکی حملے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے ایک کھلا چیلنج اور اعلانِ جنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ مشرقِ وسطیٰ میں مسلسل عدم استحکام پیدا کر رہا ہے، اور ایران پر جارحیت کا اقدام ایک ایٹمی جنگ کے خطرے کو جنم دے سکتا ہے۔ ایران کی سالمیت پر حملہ دراصل پورے خطے کی خودمختاری پر حملہ ہے، جس کے سنگین نتائج پوری دنیا کو بھگتنا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع ملتان کے ماہانہ تنظیمی اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خواجہ عاصم ریاض سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی ملتان، نائب امراء حافظ محمد اسلم ، اسد منیر ،چوہدری اطہر عزیز ایڈوکیٹ ، مرزا تنویر احمد، ڈپٹی جنرل سیکریٹریز، امراء زونز اور دیگر ذمہ دران موجود تھے صہیب عمار صدیقی نے کہا کہ امریکہ کا یہ رویہ عالمی امن کے خلاف ایک مجرمانہ روش ہے۔ حیرت ہے کہ حکومت پاکستان نے ایسے شخص کو “نوبل انعام برائے امن” کے لیے نامزد کیا ہے جو انسانیت کا خون بہانے میں پیش پیش ہے ۔ ڈونلڈ ٹرمپ جیسے جنگ پسند اور متعصب افراد کو امن کا علمبردار قرار دینا خود نوبل انعام کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی کو فوری طور پر مؤثر کردار ادا کرتے ہوئے اس جارحیت کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔ خاموشی، بزدلی اور غلامی کا طرز عمل ترک کیے بغیر امت مسلمہ کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے پاکستان کی حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ قومی حمیت اور اسلامی اخوت کا ثبوت دیتے ہوئے ایران کے خلاف کسی بھی جارحیت کی کھل کر مخالفت کرے اور اسلامی دنیا کو متحد کرنے کے لیے عملی جدوجہد کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ہر قسم کے ظلم و بربریت کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی۔ ایران پر حملے کی مذمت صرف ایرانیوں سے ہمدردی نہیں، بلکہ امتِ مسلمہ کی بیداری اور غیرت کا تقاضا ہے۔








































Visit Today : 170
Visit Yesterday : 369
This Month : 11376
This Year : 59212
Total Visit : 164200
Hits Today : 2416
Total Hits : 812514
Who's Online : 9






















