ملتان (صفدربخاری سے) آل پاکستان ریجنل نیوز پیپر سوسائٹی پنجاب کی چیف کوآرڈینیٹر اور سابق ڈسٹرکٹ ممبر ضلع کونسل ڈاکٹر حمیدہ خانم نے سابق ایم پی اے و مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی سٹی صدر سلطانہ شاہین کی عیادت کی۔ سلطانہ شاہین میں حال ہی میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے، جس پر مقامی سیاسی و سماجی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور ان کی صحت یابی کے لیے دعاؤں اور عیادت کا سلسلہ جاری ہے ، ڈاکٹر حمیدہ خانم نے ملاقات کے دوران سلطانہ شاہین کی سیاسی خدمات کو سراہا اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ سلطانہ شاہین نے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اپنی 40 سالہ سیاسی وابستگی کے دوران بے شمار قربانیاں دیں، حتیٰ کہ مشرف دور میں جیل و صعوبتیں بھی برداشت کیں۔ڈاکٹر حمیدہ خانم نے مطالبہ کیا کہ مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت، بالخصوص وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، نہ صرف سلطانہ شاہین کی سرکاری خرچ پر علاج کی منظوری دیں بلکہ ان کی وفاداری اور دیرینہ خدمات کے اعتراف میں خود ان کے گھر آ کر ان کی حوصلہ افزائی بھی کریں۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز ایک ہمدرد لیڈر ہیں، جو کارکنوں کا درد محسوس کرتی ہیں، لہٰذا سلطانہ شاہین جیسی مخلص کارکن کو نظرانداز نہ کیا جائے۔