ملتان: بوسن روڈ بائی پاس چوک پر ٹریفک کے بیچوں بیچ نصب بجلی کا کھمبا حادثات اور رکاوٹوں کا سبب بننے لگا، متعلقہ حکام کو متعدد بار درخواستیں دی گئیں ، مگر شنوائی نہ ہوئی جس پر تاجر سراپا احتجاج بن گئے اور تاجروں نے انجمن تاجران سداں والی بائی پاس کے صدر رانا عبدالرحمن کی قیادت میں شدید احتجاج کرتے ہوئے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ بائی پاس چوک کے عین وسط میں نصب بجلی کا کھمبا روزانہ کی بنیاد پر حادثات کا باعث بن رہا ہے، جس کی وجہ سے اب تک دو قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ کھمبے کے ارد گرد ریڑھیاں اور رکشے کھڑے ہونے کے باعث صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے، جبکہ ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہو رہی ہے۔تاجروں کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے کھمبا ہٹانے کے لیے 17 لاکھ روپے کا فنڈ دو سال قبل میپکو کو منتقل کیا گیا، لیکن تاحال کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ اس سلسلے میں کمشنر ملتان کو دو بار تحریری درخواستیں بھی دی گئیں مگر کوئی جواب نہ ملا۔ وزیر اعلیٰ پورٹل پر شکایت درج کرانے پر یہ مؤقف دیا گیا کہ یہ وفاق کا کام ہے۔تاجروں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور عوام کی جانوں کو محفوظ بنانے کے لیے خطرناک کھمبے کو فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔مظاہرہ میں تاجر رہنما محمد علی جاوید ، رانا وقاص احمد ، عدنان بخاری ، حافظ جمشید ، مرزا فرخ بیگ ، رانا صداقت ، علی جمشید واہگہ ، رانا نسیم ، رانا ارشمان ، سجاد شاہ ، حسنین علی ، محمد عمر ، شاہد چشتی ، رانامنور سمیت درجنوں تاجروں نے شرکت کی ۔