ملتان : ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی پلانٹ مالکان کی من مانیاں، مہنگے ریٹس اور غیر منصفانہ گیس سپلائی کا فوری نوٹس لیا جائے۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے صدر قاضی محمد ناصر کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کے عام دکاندار اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر عوام کو گیس فراہم کر رہے ہیں، مگر پلانٹ مالکان اوگرا کے مقرر کردہ نرخوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گیس مہنگے داموں فراہم کر رہے ہیں، جس کے باعث دکاندار بھی پریشان ہیں اور صارفین کو بھی مہنگی گیس خریدنا پڑ رہی ہے،انہوں نے کہا کہ جب پلانٹس ہی اوور ریٹ پر گیس دیں گے تو دکاندار کیسے سرکاری نرخ پر فروخت کریں گے؟ اس کے باوجود چھوٹے دکانداروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور انہیں جرمانے کیے جا رہے ہیں، جو سراسر زیادتی ہے۔قاضی محمد ناصر نے اپنے مطالبات میں کہا کہ ایل پی جی پلانٹس سے گیس کی فراہمی اوگرا کے نرخوں پر یقینی بنائی جائے، غیر قانونی ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کرنے والے پلانٹ مالکان کے خلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، دکانداروں پر چھاپوں اور جرمانوں کا سلسلہ روکا جائے جب تک انہیں سرکاری ریٹ پر گیس میسر نہ ہو۔انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی کہ وہ اس اہم عوامی مسئلے پر سنجیدہ نوٹس لیں اور فوری اقدامات کریں تاکہ دکانداروں اور عوام کو ریلیف مل سکے،ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن چیئرمین سر فراز بلوچ،جنرل سیکرٹری خالد بھٹہ،سنیئر نائب صدر حسن خان ،جوائنٹ سیکرٹری شیخ کاشف،نائب صدر بابر کمبوہ ودیگر موجود تھے۔