ملتان(صفدربخاری سے) پاکستان پیپلز پارٹی سرائیکی وسیب میں سیاسی میدان میں بڑا سرپرائز دینے کو تیار ہے۔ آئندہ ہفتے صدرِ مملکت کے متوقع دورہ رحیم یار خان کے دوران خطے کی بھاری بھرکم سیاسی شخصیات کی پیپلز پارٹی میں شمولیت متوقع ہے، جس سے جنوبی پنجاب میں پارٹی کو نئی سیاسی طاقت میسر آ جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے اپنی رہائش گاہ لاہور میں پارٹی رہنما ملک ارشد اقبال بھٹہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ کامیاب سفارتی دورہ امریکہ و یورپ کے بعد پارٹی کی تنظیم نو کا عمل شروع کیا جائے گا، اور آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کے مخلص، سینئر اور نوجوان کارکنان کو بھرپور مواقع دیے جائیں گے۔ مخدوم احمد محمود نے مزید کہا کہ پاکستان کو اس وقت بلاول بھٹو کی صورت میں ایک تعلیم یافتہ، مدبر اور جرات مند قیادت دستیاب ہے، اور آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی جو ملک کو درپیش داخلی و خارجی، سیاسی، معاشی و جغرافیائی چیلنجز کا بھرپور مقابلہ کرے گی۔ ملک ارشد اقبال بھٹہ نے ملاقات کے دوران مخدوم احمد محمود کو جہانگیر ترین کے ہمراہ جمال دین والی میں یونیورسٹی کے سنگِ بنیاد، زمین و خطیر رقم کی فراہمی کے جذبے پر مبارکباد پیش کی۔ ملاقات میں جنوبی پنجاب کے کوآرڈینیٹر و سابق ایم پی اے قادر شاہین بھی شریک تھے۔