ملتان:  ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ملتان اور محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال کے زیرِ اہتمام سیلاب سے نمٹنے کے لیے ایک روزہ فلڈ ریلیف موک سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد ممکنہ سیلابی صورتحال میں بروقت امدادی کارروائیوں کی مشق اور متعلقہ اداروں کی تیاری کو جانچنا تھا۔ یہ مشق ضلعی ایمرجنسی پلان کے تحت کی گئی جس میں ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، محکمہ صحت، سوشل ویلفیئر، اور دیگر اداروں نے حصہ لیا۔ اس سیشن میں مختلف ایمرجنسی صورتحال کو عملی طور پر پیش کیا گیا تاکہ تمام محکمے مؤثر انداز میں تعاون کی حکمت عملی پر عمل درآمد کر سکیں۔ اس موقع پر عہد آرگنائزیشن ملتان کی جانب سے ایک فلڈ ریلیف کیمپ بھی قائم کیا گیا، جس میں سیلاب متاثرین کے لیے ابتدائی طبی امداد، صاف پانی، راشن اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کے حوالے سے عملی اقدامات کا مظاہرہ کیا گیا عہد آرگنائزیشن کی نمائندگی سید محمد ریحان ہاشمی (پروگرام کوآرڈینیٹر) اور محمد محسن بھٹہ (پراجیکٹ آفیسر) نے کی۔ کیمپ میں آنے والے شرکاء کو تنظیم کی جانب سے ریلیف کے مختلف مراحل اور خدمات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر سوشل ویلفیئر آفیسر ملک نعیم اکبر نے عہد آرگنائزیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ این جی اوز کا تعاون ضلعی حکومت کی ریلیف کوششوں کو مؤثر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی مشقیں نہ صرف محکموں کی تیاری کو جانچنے کا ذریعہ ہیں بلکہ عوامی آگاہی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ریلیف موک سیشن کے اختتام پر شرکاء میں آگاہی مواد تقسیم کیا گیا اور مستقبل میں ایسی مزید مشقوں کے انعقاد پر زور دیا گیا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جا سکے۔