ملتان: امیر جماعت اسلامی ملتان صہیب عمار صدیقی نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر کیا گیا جوابی حملہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی غیرت کے تقاضوں کے عین مطابق ہے۔ جب ایک ملک پر حملہ ہو، اُس کی سالمیت کو چیلنج کیا جائے، تو جواب دینا اُس کا حق ہوتا ہے۔ ایران نے فلسطین اور اپنے دفاع کے لیے جو اقدام کیا، وہ دنیا بھر کے مظلوموں کی آواز بن کر اُبھرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل گزشتہ کئی دہائیوں سے فلسطین میں قتل و غارت اور بربریت کا ارتکاب کر رہا ہے۔ حالیہ مہینوں میں غزہ پر ظلم، ایران کی کونسل پر حملے اور ہزاروں معصوموں کے قتل کے بعد خاموشی جرم بن جاتی ہے۔ ایران کا یہ حملہ امت مسلمہ کی اجتماعی بے بسی پر ایک تنبیہ ہے۔ صہیب عمار صدیقی نے کہا کہ ہم دنیا بھر میں مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہیں، چاہے وہ فلسطین ہو، کشمیر ہو یا ایران۔ امت مسلمہ کو امریکی اور اسرائیلی تسلط کے خلاف بیدار ہونے کی ضرورت ہے۔ ایران نے جو کچھ کیا وہ ایک ظالم کے خلاف صدائے احتجاج ہے، اور ہم اسے عالمی ظلم کے خلاف ایک علامتی ردعمل سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا اسرائیل اب بھی عالمی امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے امریکہ، اسرائیل کی سرپرستی چھوڑے اور خطے کے امن کو برباد کرنے سے باز آئے او آئی سی کو ایران کی حمایت میں اور اسرائیلی بربریت کے خلاف واضح پالیسی اپنانے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ امتِ مسلمہ داخلی اختلافات کو پس پشت ڈال کر دشمنِ دین اور دشمنِ انسانیت قوتوں کے خلاف متحد ہو۔ ایران کی طرف سے دیا گیا یہ پیغام صرف عسکری نہیں بلکہ نظریاتی بیداری کا اشارہ ہے، جسے سمجھنے کی ضرورت ہے۔