ملتان(صفدربخاری سے)چیئرمین متحدہ مسلم موومنٹ پاکستان ڈاکٹر محمد اکمل مدنی نے اسرائیل کی ایران پر جارحیت کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر حملہ عالم اسلام پر حملے کے مترادف ہے،مسلم امہ کو خواب غفلت سے بیدار اور متحد ہوکر اسلام دشمن قوتوں کو منہ توڑ جواب دینا ہوگا،اسرائیل کا فلسطین،لبنان اور شام کے بعد ایران پر حملہ اس بات واضع ثبوت ہے کہ وہ مسلمانوں کا خاتمہ چاہتا ہے اگر دنیا بھر کے مسلمان ایک دوسرے کا دفاع نہیں کریں گے تو پھر کوئی بھی محفوظ نہیں رہ پائے گا کیونکہ اسلام کش عناصر اکٹھے ہوچکے ہیں اب مسلمانوں کو بھی اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق پیدا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ متحدہ مسلم موومنٹ پاکستان بین الاقوامی سطح پر انصاف، امن اور قانون کی حکمرانی کے لیے پرعزم ہے اور یہ بات سب کو سمجھنی ہوگی۔ایگزیکٹو ممبران متحدہ مسلم موومنٹ پاکستان ایڈووکیٹ اللہ دتہ کاشف بوسن،ایڈووکیٹ اطہر شاہ بخاری،ایڈووکیٹ وسیم ممتاز، علامہ عنایت اللہ رحمانی،ایڈووکیٹ عظیم الحق پیرزادہ،پروفیسر عبدالماجد وٹو،بریگیڈئیر(ر) شوکت عثمان،ڈاکٹر زاہد عمران،سلطان محمود ملک،اسد مگسی اور ایڈووکیٹ بابو نفیس انصاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں جوہری و فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانا اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے،ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور عالمی رہنماؤں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے اور بین الاقوامی قانون کو برقرار رکھنے کے لیے فوری طور پر فیصلہ کن اقدام کریں،ایسا کرنے میں ناکامی سے مزید خلاف ورزیوں کی حوصلہ افزائی اور بین الاقوامی امن اور سلامتی کی بنیادوں کو ختم کرنے کا خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ متحدہ مسلم موومنٹ پاکستان ایران کے عوام اور اس جارحیت کا شکار ہونے والے تمام لوگوں کے ساتھ کھڑا ہے۔