ملتان : نیوٹریشن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام فلور ملز کی کوالٹی کنٹرول اور کوالٹی ایشورنس کے حوالے سے سیکٹر وائڈ ٹریننگ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔ تربیت کا مقصد آٹے کے معیارات سے متعلق ملز کی صلاحیت کو بڑھانا تھا تاکہ آٹے کی فورٹیفیکیشن کے عمل کو بہتر بنایا جا سکے اور ملرز فار نیوٹریشن پراجیکٹ کے تحت مائیکرو نیوٹرینٹ کی کمی کو کم کیا جا سکے.اس ٹریننگ کے مہمان خصوصی چوہدری محمد جمیل سابق وائس چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن تھے۔انہوں نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے شرکاء کو آٹے کی فورٹیفیکیشن اور اسکی کوالٹی ایشورنس اور کوالٹی کنٹرول پر مفید معلومات فراہم کی۔ لوگوں میں غذائی اجزاء کی کمی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے بچاؤ میں فلور ملز کے کردار کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ساجد عباس سیال، صوبائی پروگرام مینیجر ویٹ فلور فورٹیفیکیشن نے ملرز فار نیوٹریشن پروجیکٹ کی تفصیلات بتائیں اور M4N کے تحت تمام اقدامات اور سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔اس تقریب میں ملتان ڈویژن کی فلور ملز سے منسلک 40 سے زائد ملرز نے شرکت کی۔ ۔ اس موقع پر یونیورسٹی اور انڈسٹری کے ماہرین کی زیر قیادت تربیتی سیشنز میں کوالٹی ایشورینس، ریگولیٹری تعمیل اور فوڈ فورٹیفیکیشن، معیارات اور جانچ کے طریقوں میں چیلنجوں سے نمٹنے پر توجہ دی گئی۔ محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان کے فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ سے ڈاکٹر محمد شبیر نے پاکستانی عوام میں مختلف غذائی اجزاء کی کمی کے اعدادو شمار اور اس کمی کو دور کرنے کے لیے فوڈ فورٹیفیکیشن کے فوائد پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ سید حماد شاہ فوکل پرسن فلور ملز ایسوسی ایشن خانیوال نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں قومی سطح پر لوگوں کو غذائی اجزاء کی قلت سے بچانے کے لیے مل کر کام کرنا ہو گا۔ جناب ملک ممتاز حسین شجرا سابق وائس چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن نے ملرز کی نمائندگی کرتے ہوئےبحیثیت اعزازی مہمان شرکت کی اور اپنے خطاب میں نیوٹریشن انٹرنیشنل کے کام کو سراہتے ہوئے فورٹیفیکیشن کے اقدامات کے حوالے سے انڈسٹری کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ ٹریننگ سیشن میں نیوٹریشن انٹرنیشنل کے صوبائی پروگرام منیجر احتشام الحق طارق ، زونل پروگرام منیجرز اعجاز شیخ ، جہانزیب جوئیہ ، ظہیر عباس اور امجد علی نے بھی شرکت کی۔