سینٹری ورکرز کو سلام صفائی ستھرائی کا احسن اقدام

تحریر: ایس پیزادہ

عیدالاضحیٰ کے موقع پر جب ہر طرف قربانی کے جانوروں کی الائشیں اوجھڑیاں اور صفائی کا دباؤ ہوتا ہے ایسے میں اگر کوئی شہر اپنی صفائی و ستھرائی کی مثال بن جائے تو یقیناً وہ تحسین اور خراجِ تحسین کا مستحق ہوتا ہے ستھرا پنجاب مہم کے تحت وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ملتان ڈویژن میں جو مثالی صفائی مہم چلائی گئی وہ نہ صرف قابلِ تحسین ہے بلکہ آئندہ کے لیے ایک عملی ماڈل بھی بن چکی ہے
ملتان خانیوال لودھراں اور وہاڑی ان چاروں اضلاع میں صفائی کے ایسے انتظامات کیے گئے جن کی مثال ماضی میں شاید ہی کبھی دیکھی گئی ہو یہ سب ممکن ہوا کمشنر ملتان عامر کریم خان اور ڈپٹی کمشنر حامد سندھو کی شب و روز محنت لگن اور پیشہ ورانہ بصیرت کی بدولت
عامر کریم خان نے عید سے قبل ہی اس بڑے چیلنج کو ایک مشن کے طور پر لیا انہوں نے نہ صرف گھر گھر شاپرز تقسیم کروائے تاکہ لوگ الائشیں درست طریقے سے تلف کریں بلکہ خود گلی محلوں میں نکل کر صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو خصوصی ہدایات دی گئیں کہ صفائی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اس کے ساتھ ساتھ عامر کریم خان نے سینٹری ورکرز کے لیے پانی کی بوتلیں اور سہولیات فراہم کیں اور ان کے جذبے کو سراہا
ڈپٹی کمشنر حامد سندھو نے بھی اپنی ذمہ داریاں نہایت فعال انداز میں ادا کیں انہوں نے تحصیل سطح پر نگرانی کے نظام کو مضبوط بنایا اور یقینی بنایا کہ ہر علاقے میں صفائی کے معیار کو برقرار رکھا جائے ان کی نگرانی میں ملتان کے وہ علاقے جو ہمیشہ صفائی کے حوالے سے محروم رہے جیسے قاسم بیلا گارڈن ٹاؤن خداداد بستی اور بیک ورڈ ایریاز وہاں بھی غیرمعمولی صفائی دیکھنے کو ملی
اس ساری مہم میں سب سے بڑا کردار ان گمنام ہیروز کا ہے جنہیں ہم سینٹری ورکرز کہتے ہیں عید کے دن جب سب اپنے گھروں میں قربانی کے گوشت کے ساتھ خوشیاں منا رہے تھے یہ مرد و خواتین گرمی اور بو سے بے نیاز ہو کر صفائی کے میدان میں ڈٹے رہے میں نے خود جب شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا تو مجھے کہیں بھی کوئی الائش کوڑا یا گندگی نظر نہیں آئی
یہ وہی ملتان ہے جہاں ماضی میں ہر عید کے بعد کوڑے کے ڈھیر گلیوں میں تعفن اور شکایات کا انبار ہوا کرتا تھا مگر اس بار نہ صرف شہر صاف رہا بلکہ گلیوں کی دھلائی تک کا انتظام کیا گیا۔ یہ سب کچھ اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر قیادت سنجیدہ ہو اور نیت صاف ہو تو کوئی کام ناممکن نہیں
ملتان کی تاریخ میں شاید پہلی بار ایسا ہوا کہ عید کے دنوں میں شہر کی صفائی پر اس قدر جامع اور مؤثر انتظامات دیکھنے کو ملے اس کامیابی کا سہرا بلا شبہ کمشنر عامر کریم خان اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے جنہوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن کو عملی صورت دی
یہ محض ایک صفائی مہم نہیں تھی بلکہ یہ امید کی ایک کرن تھی کہ ملتان اب تبدیلی کے راستے پر گامزن ہے۔ میں پر امید ہوں کہ یہ سفر یہیں نہیں رکے گا اور ایک دن وہ ضرور آئے گا جب ملتان صرف صفائی کے میدان میں نہیں ترقی تعلیم صحت اور سہولیات کے ہر میدان میں مثالی شہر کہلائے گا
عامر کریم خان صاحب کو خراجِ تحسین اور سینٹری ورکرز کو دل سے سلام!