ملتان (صفدربخاری سے)  معروف قانون دان اور سماجی کارکن عمارہ طاہر بلوچ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ معاشرتی طور پر محروم اور بے سہارا طبقات ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا قومی اور ملی فریضہ ہے کہ عید جیسے خوشیوں بھرے مواقع پر ہم ایسے افراد کو نظر انداز نہ کریں جو زندگی کی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔ عمارہ طاہر بلوچ نے مزید کہا کہ عید صرف نئے کپڑوں، کھانوں اور میل جول کا نام نہیں بلکہ ان لوگوں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا بھی اہم ہے جو کسی سہارے کے بغیر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ ان کا کہنا تھا، “مستحق اور بے سہارا لوگوں کی خدمت کرنا افضل ترین عبادت ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم معاشرتی بے حسی اور عدم توجہی کا خاتمہ کریں اور ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیں جہاں ہر فرد خود کو محفوظ، قابلِ عزت اور شریکِ خوشی محسوس کرے۔ عمارہ طاہر بلوچ کا شمار ان وکلا میں ہوتا ہے جو نہ صرف قانونی خدمات انجام دیتی ہیں بلکہ سماجی انصاف، خواتین کے حقوق اور فلاحی کاموں میں بھی بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔