ملتان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کی وفاقی بجٹ 2025 کے تناظر میں اہم پریس کانفرنس،،صدارت ملک خادم حسین میتلا، صدر ٹیکس بار نے کی
ملتان(صفدربخاری سے)ملتان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے وفاقی بجٹ 2025 کے تناظر میں اہم تجاویز اور تحفظات کے اظہار کے لیے ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا۔ اس کانفرنس کی صدارت ملک خادم حسین میتلا، صدر ٹیکس بار نے کی جبکہ راجہ محمد امتیاز کیانی، جنرل سیکرٹری نے سٹیج سیکریٹری کے فرائض انجام دیے۔ ملک خادم حسین میتلا نے حکومت کی موجودہ ٹیکس پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے کاروباری آزادی کے خلاف قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس دہندگان کو قومی ترقی کا شراکت دار سمجھنے کے بجائے مخالف کی نظر سے دیکھ رہی ہے، جس سے کاروباری طبقہ کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹیکس نظام کو سہولت کاری اور اعتماد کی بنیاد پر تشکیل دیا جائے۔ انہوں نے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی سیکشن 111(4) میں مالی حد پر نظرثانی کی ضرورت پر زور دیا۔ 45 فیصد ٹیکس شرح کو غیر متناسب اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے، انہوں نے اس شرح کو کم کرنے کی تجویز دی۔ انہوں نے کارپوریٹ ٹیکس کی شرح کو 29 فیصد سے کم کرنے اور موجودہ انکم ٹیکس کی حد 6 لاکھ روپے کو 10 لاکھ روپے تک بڑھانے کی تجویز دی، تاکہ تنخواہ دار طبقے کو ریلیف مل سکے۔ ملک خادم حسین نے آن لائن ٹیکس ریٹرنز اور نظام میں اصلاحات کی تجویز دی، جس سے ٹیکس واجبات کی غلط تشخیص کم ہو سکے۔ انہوں نے صنعتی قرضوں پر زیرو مارک اپ اسکیم کی تجویز پیش کی، جس سے صنعتی ترقی کو فروغ ملے۔ انہوں نے کم از کم ٹیکس کی شرح کو 0.5 فیصد تک کم کرنے اور وِد ہولڈنگ ٹیکس نظام میں اصلاحات کی تجویز دی تاکہ یہ عمل آسان اور منصفانہ بنایا جا سکے۔ انہوں نے آڈٹ اور اسیسمنٹ کے نظام میں بہتری کی تجویز دی، جس سے ٹیکس تنازعات کا جلد حل ممکن ہو سکے۔ ریفنڈ آرڈرز اور اپیل سسٹم میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ اس سے ریفنڈ آرڈرز میں تاخیر ختم ہو سکے گی۔ پریس کانفرنس کے اختتام پر انہوں نے حکومت سے ان تجاویز کو آئندہ وفاقی بجٹ میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ ملکی معیشت کو مستحکم کیا جا سکے اور عوام کا اعتماد بحال ہو۔ اس پریس کانفرنس میں ٹیکس بار کے سینئر ممبران محمد یونس غازی، میاں عبدالستار، محمد عمران غازی، سید جنید ممتاز، ملک مقبول احمد، میڈم فوزیہ ملک، میڈم مہوش معید، محمد ابو بکر، عثمان ستار، عتیق الرحمن ہاشمی، محمد وکیل، ارشد علی شاہ، نواب نصیر، حامد بھتر و دیگر نے شرکت کی۔









































Visit Today : 217
Visit Yesterday : 369
This Month : 11423
This Year : 59259
Total Visit : 164247
Hits Today : 6842
Total Hits : 816940
Who's Online : 9






















