تمباکو کی تمام مصنوعات انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہیں:ڈاکٹر محمد اکمل مدنی کی عالمی یوم انسداد تمباکو نوشی پر گفتگو
ملتان(صفدربخاری سے)معروف ماہر امراض دل،ہارمونز،شوگر اینڈ بلڈ پریشر ڈاکٹر محمد اکمل مدنی نے 31 مئی انسداد تمباکو نوشی کے عالمی دن پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمباکو کی تمام مصنوعات انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہیں،پاکستان میں تمباکو نوشی کے باعث ہر سال ڈھائی لاکھ افراد ہلاک ہو جاتے ہیں اور صحت عامہ پر تمباکو کے تباہ کن اثرات سے ملکی معیشت کو 700 ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے،نوجوانوں میں دل کے دورے کی ایک بڑی وجہ کثرت سے تمباکو نوشی بھی ہے،حکومت کو چاہیے کہ تمباکو سے جڑی صنعت پر ٹیکسز بڑھا کر اس کے استعمال میں کمی لائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت دو کروڑ نوے لاکھ سے زیادہ تمباکو نوش ہیں جن کی عمریں پندرہ برس یا اس سے زیادہ ہیں،ان میں سے ایک کروڑ سترلاکھ سگریٹ نوش ہیں،سگریٹ نوش اوسطاً ایک دن میں تیرہ سگریٹ پیتا ہے،پریشان کن بات یہ ہے کہ ملک میں تمباکو نوشی کی روک تھام کے قوانین پر عمل درآمد انتہائی کمزور ہے یہی وجہ ہے کہ تقریباً تیس فیصد تمباکو نوش کھلے سگریٹ خریدتے ہیں حالانکہ قانونی طور پرکھلے سگریٹ کی فروخت پر پابندی ہے۔ڈاکٹر محمد اکمل مدنی نے کہا کہ تمباکو صحت کے ساتھ ساتھ ماحول کو بھی بہت نقصان پہنچا رہی ہے،ہر سال اس کی وجہ سے تقریباً 60 کروڑ درختوں کی قربانی دینی پڑتی ہے جو کہ ماحولیات کے لیے بالکل ٹھیک نہیں ہے۔









































Visit Today : 217
Visit Yesterday : 369
This Month : 11423
This Year : 59259
Total Visit : 164247
Hits Today : 6870
Total Hits : 816969
Who's Online : 7






















