ملتان: خواتین کے لیے ووٹر آگاہی و تعلیمی سیشن – ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹی کے پلیٹ فارم کے تحت
دفتر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر-I، ملتان میں 27 مئی 2025 کو ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹی (DVEC) کے پلیٹ فارم کے تحت خواتین کے لیے ووٹر آگاہی و تعلیم سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیشن کا مقصد خواتین، بالخصوص پسماندہ اور کم نمائندگی رکھنے والی برادریوں سے تعلق رکھنے والی خواتین میں انتخابی شعور اجاگر کرنا، ان کے جمہوری حقوق سے آگاہی فراہم کرنا، اور ووٹر رجسٹریشن کے عمل کو واضح کرنا تھا۔ یہ سیشن عدنان ظفر، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر-IIملتان کی صدارت منعقد ہوا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر-Iملتان، اطہر عباسی، اسسٹنٹ الیکشن کمشنر-Iملتان، محمد مدثر، اور اسسٹنٹ الیکشن کمشنر-IIملتان، احسن ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سیشن میں ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹی کے اراکین، نادرا کے نمائندے، اور خواتین کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی مختلف سماجی کارکن خواتین نے بھرپور شرکت کی۔ جن میں محترمہ حنا عباس،جنرل سیکرٹری دی شیلٹر ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن ،محترمہ فرزانہ ارم، چیف ایگزیکٹو آفیسر، فرسٹ سٹیپ آرگنائزیشن، محترمہ بختاور اسلم، وائس پریزیڈنٹ سہارا تنظیم، محترمہ شائستہ بخاری، ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ویمن رائٹس ایسوسی ایشن، ملتان شامل تھیں۔ شرکاء نے اپنے تجربات اور درپیش چیلنجز بیان کیے، جن میں سماجی رکاوٹیں، شناختی کارڈ کی عدم دستیابی، نقل و حرکت میں مشکلات، اور معلومات تک محدود رسائی جیسے مسائل شامل تھے۔ اس موقع پر نادرا کے نمائندے سے گفتگو بھی کی گئی۔ اطہر عباسی، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر-Iملتان نے شناختی کارڈ پر مکمل اور درست پتوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب نئے شناختی کارڈز کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو سیکشن 25، الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت موصول ہوتی ہیں تو پتوں کے نامکمل ہونے کی صورت میں شماریاتی بلاک کوڈ/ انتخابی علاقہ کے درست تعین میں شدید دشواری پیش آتی ہے۔ اس لیے شناختی کارڈ پر پتہ مکمل اور واضح ہونا لازمی ہے تاکہ شماریاتی بلاک کوڈ / انتخابی علاقہ کی درست اسائنمنٹ ممکن ہو سکے۔ مزید برآں، ہر فرد کو نادرا سنٹر پر شناختی کارڈ بنواتے وقت یہ واضح طور پر پوچھا جانا چاہیے کہ وہ عارضی پتہ پر ووٹ درج کروانا چاہتا ہے یا مستقل پتہ پر۔شرکاء نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی خواتین کی سیاسی شرکت بڑھانے کی کوششوں کو سراہا اور تجویز دی کہ اس نوعیت کے آگاہی سیشنز کو باقاعدگی سے، بالخصوص دیہی اور کم خواندہ علاقوں میں منعقد کیا جائے، تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد تک معلومات پہنچائی جا سکیں۔ سیشن کا اختتام اشتراکِ عمل، یکجہتی، اور ایک شمولیتی انتخابی عمل کے عزم کے ساتھ کیا گیا۔ خواتین نے اپنے عزم کا اظہار کیا کہ وہ ووٹر آگاہی کا پیغام اپنی برادریوں میں عام کریں گی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام شہریوں، بالخصوص خواتین کے لیے ایک قابلِ رسائی، جامع، اور بااختیار انتخابی ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔