ملتان: سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے کہا ہے کہ معیار تعلیم میں بہتری اولین ترجیح ہے۔موجودہ حکومت فروغ تعلیم کے لئے عملی اقدامات کررہی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کے تعلیمی ویژن ، وزیر تعلیم پنجاب راناسکندر حیات خان اور سیکرٹری تعلیم پنجاب خالد نذیر وٹو کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں شرح خواندگی میں اضافہ اور معیار تعلیم میں بہتری کےلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوشل ایکٹوسٹ و ٹک ٹاکر دانش نواز اورملک وجاہت حسین شیخانہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے سی ای او ایجوکیشن ملتان کو پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا اور ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ کوبطور سی ای اوایجوکیشن شاندارخدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر میاں نعیم ارشد، اسلم خان قیصرانی، رانا جاوید مصطفیٰ، میاں منیر احمد اور محبوب اشرف بھی موجود تھے۔ سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے مزید کہا کہ معیاری اور جدید تعلیم کے بغیر دورحاضر کے چیلنجز کا مقابلہ ممکن نہیں۔ لہٰذا اساتذہ کرام بچوں کی تعلیم وتربیت کے لئے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں تاکہ نئی تعلیمی اصلاحات پرعمل درآمد کویقینی بنایاجاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ہر بچے کو زیور تعلیم سے آراستہ کرناہے۔عوامی نمائندوں، سول سوسائٹی کے متحرک افراد اور والدین کے خصوصی تعاون سے نئی داخلہ مہم 2025ء کو کامیاب بنائیں گے۔سکولوں سے باہر 100فیصد بچوں کے داخلہ کو یقینی بنایاجائے گا۔ چائلڈلیبر کے شکار بچوں کو بھی تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کیے جارہے ہیں۔