ملتان میں دی شیلٹر ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اور محکمہ سوشل ویلفئر اینڈ بیت المال کے زیر اہتمام آگاہی سیشن اور واک،مختلف مکتبہ فکر کے افراد کی شرکت
ملتان(صفدربخاری سے) دی شیلٹر ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اور محکمہ سوشل ویلفئر اینڈ بیت المال کے زیر اہتمام اینٹی ہیومن ٹریفکنگ اینڈ بونڈڈ لیبر کے سلسلہ میں آگاہی سیشن اور واک کا انعقاد کیا گیا ۔آگاہی سیشن میں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دی شیلٹر ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کی جنرل سیکرٹری حنا عباس نے کہا کہ انسانی سمگلنگ اور جبری مشقت دنیا بھر میں ناسور بن کر رہ گیا ہے۔مہذب معاشروں میں ایسے قبیح فعل کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومتی ادارے اور سول سوسائٹیز قلیل وسائل کے باوجود اس لعنت کے خاتمہ کے لیئے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کے خاتمہ کے لیئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کیا جائے ۔کوآرڈینیٹر لیٹریسی ڈیپارٹمنٹ مخدوم محمد مدثر قریشی نے کہا کہ زمانہ جہالیت میں انسانوں کو غلام بنانے کا رواج عام تھا ۔انسانی خرید و فروخت عام تھی ۔تاہم اسلام میں انسانوں کو غلام بنایا جانا اور ان کی خرید و فروخت کی سخت ممانعت کی گئی ہے۔نجی اداروں میں نوکری کے نام پر انسانوں کا استحصال کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا ضرورت اس امر کی ہے کہ جبری مشقت اور انسانی سمگلنگ کے خاتمہ کے لیئے بھر پور اقدامات کیئے جائیں ۔جوائنٹ سیکرٹری دی شیلٹر ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اسماء ارم نے کہا کہ ٹھکیداری نظام کے تحت نوکری پیشہ افراد کے حقوق غصب کیئے جارہے ہیں ۔ایسے عناصر کے خلاف موثر کارروائی نہ ہونا متعلقہ ادارے کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔ تقریب سے محمد رضوان اعوان، محمد عمران، خالدہ،و دیگر نے خطاب کیا۔تقریب کے آخر میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ دی شیلٹر ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام سرکاری اداروں کے تعاون سے انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے ضلع بھر میں بھر پور آگاہی سیشنز منعقد کرائے جائیں گے اور جبری مشقت کے خلاف آواز اعلی ایوانوں تک پہنچائی جائے گی ۔تقریب کے آخر میں آگاہی واک بھی کی گئی ۔




































Visit Today : 547
Visit Yesterday : 541
This Month : 15311
This Year : 63147
Total Visit : 168135
Hits Today : 2206
Total Hits : 864389
Who's Online : 9




















