ملتان (صفدربخاری سے)  ملتان پریس کلب کے الیکشن میں جرنلسٹس گروپ کے شکیل انجم 14ویں بار بلا مقابلہ ملتان پریس کلب کے صدر اور فرحان انجم ملغانی چوتھی بار بلا مقابلہ فنانس سیکرٹری منتخب ہوگئے جبکہ باقی ماندہ عہدوں پر بھی جرنلسٹس گروپ کے مدمقابل کوئی پینل نہیں آیا۔ غالب امکان ہے کہ پانچ مارچ کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہونے پر جرنلسٹس گروپ کلین سویپ کرے گا۔ الیکشن کمیٹی کی جاری کردہ فہرست کے مطابق صدر کی نشست پر ایک امیدوار شکیل انجم نائب صدور کی دو نشستوں پرچار امیدواروں خالد چوہدری، نعمان خان بابر، خالد شیخ اور اسد علی راغب جنرل سیکرٹری کی نشست پر دو امیدواروں نثار اعوان اور عامر حسینی، جوائنٹ سیکرٹری کی دو نشستوں کے لئے تین امیدواروں حافظ سرفراز علی، محمد شریف جوئیہ اور محبوب ملک، فنانس سیکرٹری کی ایک نشست پر صرف ایک امیدوار فرحان انجم ملغانی نے کاغذات جمع کروائے ہیں۔ جبکہ مجلس عاملہ کی چودہ نشستوں کے لئے کل 26 امیدواروں نے اپنے کاغذات جمع کروائے ہیں۔ جن میں رائو نعمان علی، خالد شیخ، فرقان نذر بھٹی، اسد راغب، شاہد عمران، محبوب چغتائی، عدنان خان، اسلم جاوید، محبوب ملک، اعجاز ترین، مہتاب حیدر، عدنان اکرم شیخ، شعیب افتخار جوئیہ، جنید ملک، ایاز علی شیخ، ندیم حیدر، طارق اسمعیل، سلیم بھٹی، خواجہ اشرف صدیقی، رفیق قریشی، طارق محمود قریشی، مظہر جاوید، ممتازخان نیازی، سلمان قریشی، عدیل کھچی اور اصغر ندیم بیگ شامل ہیں۔ اپنی کامیابی کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں صدر شکیل انجم نے کہا کہ ایک ہزار ملتانی صحافیوں کو گھر بنانے کیلئے حکومت سے پلاٹ دلوائیں گے۔ صدر پریس کلب نے بتایا کہ ایم ڈی اے کی ملتان میں بننے والی نئی کالونی کی تمام کاغذی کاروائی مکمل ہو چکی ہے۔ بس صوبائی کابینہ سے حتمی منظوری کا عمل باقی ہے۔ انشاءاللہ یہ مرحلہ بھی جلد مکمل کرائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ پلاٹ نئے اور پرانے سب صحافیوں میں تقسیم کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ بھی ممبران کی فلاح کیلئے ہر قدم اٹھایا جائے گا۔ ادھر ترجمان جرنلسٹس گروپ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امسال ملتان پریس کلب کی تاریخ میں پہلی بار صدر اور فنانس سیکرٹری کے عہدوں پر شکیل انجم اور فرحان انجم ملغانی کے بلامقابلہ انتخاب اور جرنلسٹس گروپ کے دیگر امیدواروں کے مقابلے میں کسی مخالف پینل کے سامنے نہ آنے نے ثابت کر دیا ہے کہ صدر شکیل انجم اور جرنلسٹس گروپ ہی بلا شرکت غیرے ممبران کے بھرپور اعتماد کے امین ہیں۔ ممبران کی فلاح کیلئے یہ صدر شکیل انجم کی مسلسل اور انتھک کاوشوں کا بھی عملی اعتراف ہے۔ اس بے مثال اعتماد اور محبت کیلئے جرنلسٹس گروپ ممبران کا بیحد مشکور ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالٰی ماضی کی طرح مستقبل میں بھی ہمیں اپنے ووٹرز کے اعتماد پر پورا اترنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔