اسلام آباد: انتخابات کو ملتوی کروانے کے لیے سینیٹ میں قرارداد پاس ہونے پر چیئرمین سینیٹ اور ارکان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کے لئے درخواست دائر کردی گئی جبکہ سینیٹر مشتاق احمد نے جوابی قرارداد سینیٹ میں جمع کرادی۔ جمعہ کے روز انتخابات ملتوی کروانے کے لئے سینیٹ میں قرار داد پیش کی گئی جسے منظور کرلیا گیا اب اس قرارداد کو پاس کرنے والوں کے خلاف ایک وکیل نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔ درخواست گزار وکیل اشتیاق احمد نے کہا ہے کہ سینیٹ میں پاس کی گئی قرارداد توہین عدالت کے زمرے میں آتی ہے، چیئرمین سینیٹ اور ارکان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔دریں اثنا گزشتہ روز سینیٹ سے پاس ہوئی الیکشن ملتوی کرانے کی قرارداد کے خلاف جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے قرارداد سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرادی جس میں کہا گیا کہ سینیٹ سے چور دروزے سے جو قرارداد پاس ہوئی وہ جمہوریت اور الیکشن کے اوپر حملہ ہے، سینیٹ کی بے توقیری کی گئی ہے اور اس کے چہرے پر سیاہی مل دی گئی ۔