بیجنگ: چین کے دارالحکومت میں بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک اور 27 لاپتا ہو گئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ دارالحکومت کے مضافات میں واقع آبی ذخائر میں  744.8 ملی میٹر (29.3 انچ) بارش ریکارڈ کی گئی جو 1891 کے بعد ہونے والی سب سے زیادہ بارش ہے۔بیجنگ میں سمندری طوفان ڈوکسوری کی وجہ سے ہونے والی شدید بارشوں نے 140 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔ مسلسل ہونے والی  بارشوں نے سیلابی کیفیت اختیار کرلی۔پانی کے ریلے نے اپنے راستے میں آنے والی ہر شے کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔ سڑکیں زیر آب آگئیں۔ نشیبی علاقے ڈوب گئے۔ درخت جڑ سے اکھڑ گئے اور بل بورڈز گر پڑے۔مختلف واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 22 ہوگئی جن میں 2 ریسکیو اہلکار بھی شامل ہیں جب کہ 27 افراد تاحال لاپتا ہیں۔