خرطوم: سوڈان میں فوج نے بغاوت کرتے ہوئے حکومت کا تختہ الٹ دیا جب کہ وزیراعظم اور وزرا سمیت متعدد سیاست دانوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فوج نے رات گئے افریقی ملک سوڈان کے وزیراعظم عبداللہ ہمدوک کی حکومت کے خلاف بغاوت کردی۔ ملک میں انٹرنیٹ اور فون سروس منقطع کر دی گئی ہے جبکہ لوگوں کی نقل و حمل کو محدود رکھنے کے لیے شہر میں فوجی دستے تعینات کر دیے گئے۔ خرطوم ایئرپورٹ کو بھی بند اور پروازوں کو معطل کر دیا گیا۔ دارالحکومت خرطوم میں فوج کی بھاری نفری تعینات ہے اور سرکاری ٹی وی پر قومی ترانے نشر کیے جا رہے ہیں۔