اسلام آباد :  چیف جسٹس  کے ساتھ سیکرٹری دفاع اور حساس اداروں کے افسران کی ملاقات کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔  چیف جسٹس عمر عطاء بندیال سمیت جج صاحبان سے ملاقات وزارت دفاع کی درخواست پر اٹارنی جنرل کے ذریعے ہوئی ، سیکرٹری دفاع اور حساس اداروں کے افسران سے ملاقات کے موقع پر  اٹارنی جنرل بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ سکیورٹی صورت حال خصوصا انتخابات کے حوالے سے حفاظتی انتظامات بارے بریف کیا گیا۔ ملاقات میں معزز ججز نے سوال اٹھایا کہ میڈیا میں جو رپورٹ ہوا اس کے حوالے سے تو ملک میں سکیورٹی حالات کافی بہتر ہیں۔ اس پر حساس اداروں کے افسران کی جانب سے جج حضرات کو آگاہ کیا گیا کہ ملکی سکیورٹی صورت حال پر جو بریفنگ پارلیمنٹ میں دی گئی وہی جج صاحبان کو تحریری صورت میں دی گئی ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ سپریم کورٹ کا 4 اپریل کو فیصلہ سامنے آیا تھا جس میں یہ بھی ہدایت کی گئی تھی کہ الیکشن کمیشن کو انتخابات کے حوالے سے سکیورٹی پلان بنا کر دیا جائے۔ حساس اداروں کی جانب سے ملاقات میں 2 حساس اداروں کے سربراہان اور آپریشنل انچارج موجود تھے، انہوں نے جج صاحبان کو مفصل طور پر آگاہ کیا کہ ملک میں کس کس علاقے میں سکیورٹی فورسز آپریشنز میں  مصرورف ہیں اور کہاں پر کتنی ڈپلائے منٹ کی گئی ہے جبکہ آپریشن کے دوران دیگر ضروری تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ملاقات گذشتہ روز تقریبا دوپہر 2 بجے شروع ہوئی  اور شام  5 بجے کے بعد تک جاری رہی۔