اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے 8 مقدمات میں عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ضمانت میں 3 مئی تک توسیع کردی،عدالت نے کہاکہ عمران خان 3مئی کو بھی پیش نہ ہوئے تو ضمانت منسوخ ہو جائے گی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی،چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی ، وکیل درخواست گزار نے کہاکہ عمران خان آج ہائیکورٹ میں پیش ہوئے ہیں ، عمران خان سکیورٹی وجوہات کی بنا پر پیش نہیں ہو سکتے،چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا عمران خان کیخلاف یہ تمام مقدمات ہیں کیا؟کیا ان تمام مقدمات میں دہشتگردی کی دفعات لگی ہیں؟وکیل عمران خان نے کہاکہ یہ جوڈیشل کمپلیکس والے معاملے پر درج مقدمات ہیں۔