لاہور :  امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ  سب لوگ اپنی ریڈلائن کوچھوڑ کر دو قدم پیچھے ہٹیں اور  الیکشن کرائیں،  اس کےعلاوہ کوئی راستہ نہیں ہے، حکومت اگر الیکشن نہیں کراتی تو یہ انتہائی غلط بات ہے، وہ زمانہ نہیں رہا کہ رات کے اندھیرے میں فیصلے ہوتے تھے اب جو کچھ کرنا ہے عوام کے سامنے کرنا ہے ۔  انہوں نے کہا کہ 90 دن تو ویسے ہی گزر گئے ہیں اب آنے والے دنوں کو دیکھنا ہے، بندگلی میں چلےگئےہیں،  ہم بھی سٹیک ہولڈرہیں اور الیکشن میں حصہ لینا چاہتے ہیں۔  آئین کےمطابق چلنا ہو گا، چاہتے ہیں ملک میں پُرامن الیکشن ہوں، یہ  ملک کسی ایک پارٹی کا نہیں  23 کروڑ عوام کا ہے،  ان سے پوچھیں کیا  انہیں لڑائی پسند ہے یا پُرامن پاکستان؟ سراج الحق کا کہنا تھا کہ اداروں سے ٹکراؤ سے کسی کو فائدہ نہیں ہو گا ، تین  اداروں کو غیرجانبدار رہنا ہو گا ورنہ سیاست اور جمہوریت بچانا مشکل ہے،  اداروں کو مدعو کرنے کے بجائے ہمیں خود کوششیں کرناہوں گی۔ خیال رہے کہ سراج الحق حکومت اور تحریک انصاف میں الیکشن کے حوالے سے اتفاق رائے کیلئے مذاکرات کی راہ ہموار کر رہے ہیں، اس سلسلے میں انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف اور سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقاتیں بھی کی ہیں۔