ملتان: مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے ضلعی صدر جعفر علی شاہ نے شہر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں حالیہ اضافے پر شدید تشویش اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ بندش نے کاروباری سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کر دیا ہے اور بازاروں میں کاروبار تقریباً ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ گرین میٹر منصوبے پر بھی تاحال مؤثر عمل درآمد نہیں ہو سکا، جبکہ اس کی شرائط پہلے ہی انتہائی سخت رکھی گئی ہیں جس کی وجہ سے تاجر برادری اس سے فائدہ اٹھانے سے محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر گرین میٹر پالیسی پر حقیقی معنوں میں عمل کیا جاتا تو نہ صرف بجلی کے بحران میں کمی آ سکتی تھی بلکہ تاجروں اور شہریوں کو بھی ریلیف مل سکتا تھا۔جعفر علی شاہ نے کہا کہ ایک طرف شدید گرمی میں اضافہ ہو رہا ہے اور دوسری طرف لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے جس سے عام شہریوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکانوں، مارکیٹوں اور چھوٹے کاروباروں کا انحصار بجلی پر ہے اور بار بار بجلی کی بندش کے باعث تاجروں کو مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر لوڈ شیڈنگ میں کمی کی جائے، گرین میٹر پالیسی پر عملی اقدامات کیے جائیں اور تاجروں کو ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ کاروباری سرگرمیاں معمول پر آ سکیں اور شہریوں کو بھی اس شدید گرمی میں سکھ کا سانس مل سکے۔