ملتان : بزمِ المعصوم ملتان کے ممتاز رہنما اور روحانی شخصیت پیرِطریقت حاجی صوفی محمد شبیر نقشبندی معصومی الطافی طویل علالت کے بعد اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ مرکزی جامع مسجد بلال، پیپلز کالونی ملتان میں ادا کی گئی۔ نمازِ جنازہ کی امامت درگاہ عالیہ مرشد آباد شریف لاہور کے سجادہ نشین، مخدوم المشائخ الحاج حضرت خواجہ محمد خالد محمود احمد نقشبندی مجددی نے فرمائی۔ جنازہ میں ترجمان درگاہ عالیہ صاحبزادہ ذیشان کلیم معصومی، پیر صوفی بشارت علی، پیرصوفی محمد خلیل الطافی، پیر رانا محمد اقبال، پیرصوفی مرزا افضال حسین الطافی،صاحبزادہ حافظ زبیر لیاقت معصومی،ملک فرید ڈوگر، ملک وحید ڈوگر،علامہ قاری رب نواز سعیدی، علامہ قاری حق نواز سعیدی،صوفی صدیق معصومی،صوفی عطاءاللہ،صوفی منظورحسین،صوفی نجیف اکبرالطافی سمیت کثیر تعداد میں مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت اور نمازجنازہ کے بعد انکی بلندی درجات کے لیے خصوصی دعا کی۔ مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے ختمِ قل خوانی کا اجتماع کل صبح 7 بجے انکی رہائشگاہ پیپلز کالونی میں منعقد ہوگا۔ اس موقع پر خصوصی دعائیہ تقریب 9بجے منعقد ہوگی جس میں ملک بھر سے علماء و مشائخ اور سلسلہ عالیہ کے خلفائے عظام شرکت فرمائیں گے۔ بزمِ المعصوم کے قائدین اور رہنماؤں نے پیرصوفی محمد شبیر معصومی کے وصال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم مخدوم المشائخ کے خادمِ خاص ہونے کا منفرد اعزاز رکھتے تھے اور ایک ملنسار، تہجد گزار، متقی اور پرہیزگار شخصیت تھے۔ دربارِ عالیہ مرشد آباد شریف کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کی جدائی سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پُر نہیں ہو سکے گا۔