لوڈشیڈنگ اور محدود اوقات سے کاروبار تباہ،،رات 10 بجے تک دکانیں، ہوٹلز کو 12 بجے تک کھولنے کی اجازت دی جائے: سلطان محمود ملک
ملتان: قومی تاجر اتحاد پاکستان کے مرکزی صدر سلطان محمود ملک نے کہا ہے کہ تاجر برادری نے ہمیشہ حکومتی فیصلوں کا احترام کیا اور رات کے لاک ڈاؤن پر بھی مکمل عملدرآمد کیا، مگر موجودہ حالات میں دن کے اوقات میں بار بار ہونے والی لوڈشیڈنگ اور شام چھ سے سات بجے کے درمیان بجلی کی بندش نے کاروباری سرگرمیوں کو شدید متاثر کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلسل بجلی کی بندش کے باعث چھوٹے تاجروں کا کاروبار تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ ایک طرف دکانوں کے کرائے، بجلی کے بھاری بل اور ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنا لازم ہے، جبکہ دوسری جانب آمدن نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیشتر دکاندار یومیہ کمائی پر اپنے گھروں کا نظام چلاتے ہیں، مگر موجودہ صورتحال میں وہ اپنی جمع پونجی خرچ کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں، جو زیادہ دیر تک ممکن نہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تاجروں کے ساتھ انصاف کیا جائے اور لوڈشیڈنگ کے مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے۔ انہوں نے تجویز دی کہ تاجروں کو رات 10 بجے تک دکانیں کھلی رکھنے کی اجازت دی جائے، جبکہ ہوٹلز کو رات 12 بجے تک کام کرنے کی سہولت دی جائے تاکہ کاروباری نقصان کا ازالہ ممکن ہو سکے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو تاجر برادری احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہو جائے گی، جو کراچی سے خیبر تک پھیل سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تاجر مزید اس صورتحال کو برداشت نہیں کر سکتے اور اپنے حقوق کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔







































Visit Today : 274
Visit Yesterday : 525
This Month : 9089
This Year : 56925
Total Visit : 161913
Hits Today : 835
Total Hits : 761439
Who's Online : 2






















