ملتان (صفدر بخاری سے) میڈیا اونر سوسائٹی جنوبی پنجاب کے نو منتخب عہدیداران کا ایک اہم تنظیمی و مشاورتی اجلاس مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا، جس کی صدارت صدر میڈیا اونر سوسائٹی جنوبی پنجاب مقبول تبسم نے کی۔ اجلاس میں تنظیم کے استحکام، رکنیت سازی اور میڈیا مالکان کو درپیش مسائل کے حل سے متعلق تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مقبول تبسم نے کہا کہ میڈیا اونر سوسائٹی جنوبی پنجاب کی باقاعدہ رکنیت سازی کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ مالکان کو تنظیم میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سوسائٹی نہ صرف میڈیا مالکان کے مسائل کو اجاگر کرے گی بلکہ انہیں حکومتی سطح پر ہر ممکن ریلیف دلوانے کے لیے عملی اقدامات بھی کرے گی۔ جنرل سیکرٹری محمد رضوان اعوان نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ مرکزی قیادت کی ہدایات کی روشنی میں جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع اور تحصیلوں میں جلد از جلد تنظیم سازی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سوسائٹی میڈیا مالکان کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے اعلیٰ حکومتی شخصیات اور متعلقہ افسران سے رابطے میں ہے تاکہ ان کے مسائل کو مؤثر انداز میں حل کروایا جا سکے۔ سینئر نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر افتخار گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حالات میں میڈیا مالکان شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں، جس کے باعث میڈیا انڈسٹری کو سنگین مسائل درپیش ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ میڈیا سیکٹر کے مسائل کو سنجیدگی سے لے اور فوری اقدامات کرے تاکہ اس اہم شعبے کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔ اجلاس میں نائب صدر مخدوم جمشید ستاری، جوائنٹ سیکرٹری مخدوم وسیم عباس شمسی، سیکرٹری اطلاعات طوبیٰ متین شیخ، فنانس سیکرٹری سعید افضل اعوان اور ایڈیشنل سیکرٹری محمد اعجاز نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے رکنیت سازی کے عمل کو تیز کرنے اور تنظیم کو فعال بنانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔ اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ میڈیا اونر سوسائٹی جنوبی پنجاب کو ایک مضبوط اور مؤثر پلیٹ فارم بنایا جائے گا، جو میڈیا مالکان کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔