اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان پر حیرت ہے لاٹھیوں کی بات کررہے ہیں، ان سے کہنا چاہتا ہوں ن لیگ اور پیپلز پارٹی نکل جائیں گی آپ دھر لیے جائیں گے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، اپوزیشن 25 مارچ کو اسلام آباد آرہی ہے، اپوزیشن کو عدم اعتماد کا حق حاصل ہے، لیکن 23 مارچ کو جی ٹین سی فلائے کرنے جارہا ہے، ہمارا ذاتی کسی سے کوئی مسئلہ نہیں، ملک میں اہم ایونٹ کے بعد ہم اپوزیشن والوں کو مکمل تحفظ دیں گے، لیکن کسی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دے سکتا، کسی نے قانون ہاتھ لیا اسے کسی صورت نہیں چھوڑ سکتا، اپوزیشن اگر قانون کو نہیں چھیڑے گی تو انہیں کچھ نہیں کہیں گے، اگر قانون کو چھیڑیں گےتو ہم نہیں چھوڑیں گے۔