ملتان :  ایوانِ تجارت و صنعت ملتان کے نائب صدر محمد اظہر بلوچ نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی سابق گورنر ڈاکٹر شمشاد اختر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی وفات سے ملک ایک باصلاحیت، باوقار اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ ماہرِ معیشت اور نامور بینکار سے محروم ہو گیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں محمد اظہر بلوچ نے کہا کہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے پاکستان کی معاشی و مالیاتی پالیسیوں کو مضبوط بنیادیں فراہم کیں اور بطور پہلی خاتون گورنر اسٹیٹ بینک تاریخ میں غیر معمولی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحومہ کی قومی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور معاشی استحکام کے لیے ان کی کاوشیں نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔ محمد اظہر بلوچ نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی قومی خدمات کے اعتراف میں نہ صرف سرکاری سطح پر خراجِ تحسین پیش کیا جائے بلکہ انہیں بعد از مرگ سرکاری اعزاز سے بھی نوازا جائے تاکہ ان کی خدمات کو قومی تاریخ میں باوقار انداز سے محفوظ کیا جا سکے۔