ملتان : پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما حبیب اللہ شاکرایڈوکیٹ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے فلسفۂ سیاست کو اپنائے بغیر پاکستان کو درپیش معاشی، سماجی اور سیاسی بحرانوں سے نجات ممکن نہیں، انہوں نے کہا کہ آج پاکستان قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے، غربت، جہالت، بے روزگاری اور مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، ایسی صورتحال میں بھٹو خاندان کے عوام دوست اور جمہوری فلسفے کو اپنانا ناگزیر ہو چکا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی اٹھارویں برسی کے موقع پر ڈسٹرکٹ بار ملتان میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تقریب میں ایم این اے علی قاسم گیلانی، وکلاء، سیاسی و سماجی رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ حبیب اللہ شاکر ایڈوکیٹ اور علی قاسم گیلانی نے کہا کہ بھٹو خاندان نے ہمیشہ پاکستان، عوام کے حقوق اور جمہوری اداروں کی بقا کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں، اس خاندان نے آمریت کے خلاف جدوجہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، مگر اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا ،انہوں نے کہا کہ انصاف کے حصول، معاشی خود مختاری اور عوامی خوشحالی کے لیے پیپلز پارٹی کی فکر اور نظریے کو لے کر آگے بڑھنا ہوگا، کیونکہ اسی سوچ میں ملک کی بقا اور ترقی پوشیدہ ہے،انہوں نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جارحانہ پالیسیوں کو عبرت ناک شکست ہوئی، جو بھٹو خاندان کی حب الوطنی اور مضبوط خارجہ پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے،اس موقع پر انہوں نے بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کی قیادت اور بصیرت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ان کی قیادت وقت کی اہم ضرورت ہے۔تقریب سے نشید عارف گوندل، زوار حسین قریشی، بشریٰ نقوی، منظور قادری،چوہدری سعید، اے ڈی بلوچ، رانا جاوید اختر، نیاز خان،خالد،عارف شاہ،شیخ غیاث الحق اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا، مقررین نے بے نظیر بھٹو شہید کی جمہوریت کے لیے خدمات، قربانیوں اور عوامی سیاست کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کے مشن کو جاری رکھا جائے گا، آخر میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے درجات کی بلندی اور ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔