ملتان : شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی 18 ویں برسی کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کی خواتین رہنماؤں اور کارکنان کی جانب سے ڈویژنل صدر شگفتہ حبیب کی رہائش گاہ پر ایک پُراثر دعائیہ تقریب منعقد کی گئی، تقریب کی صدارت پاکستان پیپلز پارٹی کی ڈویژنل صدر شگفتہ حبیب نے کی جبکہ مہمان خصوصی ڈویژنل سیکرٹری حمیدہ خانم نے تھیں ، خواتین کی بڑی تعداد تقریب میں شریک ہوئی، تقریب کے دوران شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ شرکاء نے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کے جمہوری مشن کی تکمیل کے لیے تجدیدِ عہد کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل صدر شگفتہ حبیب اور ڈویژنل سیکرٹری حمیدہ خانم نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید جمہوریت، آئین اور عوام کے حقوق کی جدوجہد کی علامت تھیں۔ انہوں نے آمریت کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہو کر عوام کو بااختیار بنانے کی مثال قائم کی۔ آج ہم ان کی برسی پر یہ عہد کرتے ہیں کہ خواتین کو منظم اور متحرک کر کے پیپلز پارٹی کو مزید مضبوط کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں درپیش سیاسی و معاشی بحران کا واحد حل یہی ہے کہ ہم بے نظیر بھٹو کے افکار اور وژن کو اپناتے ہوئے عوامی سیاست کو فروغ دیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ جماعت ہے جو حقیقی جمہوریت کی ضامن ہے ، انہوں نے کہا کہ آ ج ہم یہ اعلان کرتے ہیں کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کے چھوڑے گئے ادھورے جمہوری مشن کو چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی قیادت میں تن، من اور دھن کی بازی لگا کر پورا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آج ملک میں سیاسی انتشار، افراتفری اور معاشی بدحالی نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے، ایسے میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے خلوص اور دیانت سے ملک و قوم کی خدمت کریں، ہمیں فخر ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اسی مشن پر ثابت قدم ہیں، اور وہ دن دور نہیں جب عوامی طاقت سے بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم پاکستان ہوں گے اور ملک ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن ہوگا۔تقریب کے دوران خواتین شرکاء نے بھی شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی جمہوری جدوجہد، قومی خدمات اور لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ آخر میں پاکستان کی سلامتی، استحکام، جمہوریت کی مضبوطی اور پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔دعائیہ تقریب عقیدت، سیاسی شعور اور بھرپور عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔