ملتان:  امیر جماعت اسلامی ملتان صہیب عمار صدیقی نے کہا کہ پنجاب کا نیا بلدیاتی ایکٹ عوام دشمن اور غیر آئینی رجحانات پر مبنی قانون ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایکٹ عوام کی قوت کو کمزور اور بیوروکریسی کے اختیارات کو غیر فطری حد تک بڑھانے کی کوشش ہے۔ صہیب عمار صدیقی امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان نے کہا کہ موجودہ سیاسی و انتظامی ڈھانچہ اشرافیہ کے مفادات کے گرد گھومتا ہے۔ جب تک مقامی سطح پر عوام کو فیصلہ سازی کا حق نہیں ملتا، حقیقی تبدیلی محض نعرہ ہی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنائے بغیر ملک کی سمت درست نہیں ہو سکتی۔ “بدل دو نظام” مہم اسی مقصد کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد کا ایک اہم سنگ میل ہے، جس کے ذریعے نوجوانوں میں شعوری بیداری اور سیاسی تربیت کی فضا پیدا کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب ملتان کے سامنے پنجاب بلدیاتی ایکٹ 2025 کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خواجہ عاصم ریاض سیکرٹری جنرل ملتان، حافظ محمد اسلم نائب امیر ضلع، اسد منیر نائب امیر ضلع، مولانا عبدالرزاق مہتمم جامعہ العلوم اور رفیع رضا ایڈوکیٹ صدر آئی ایل ایم ملتان بھی موجود تھے صہیب عمار صدیقی نے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی اختیارات بیوروکریسی نہیں بلکہ عوام کے منتخب نمائندوں کے پاس ہونے چاہئیں۔ چیئرمین، وائس چیئرمین اور یوتھ کونسلرز کا انتخاب براہ راست ووٹ کے ذریعے ہونا ضروری ہے، تاکہ عوامی نمائندگی حقیقی معنوں میں سامنے آ سکے۔ انہوں نے غیر جماعتی بلدیاتی الیکشن کو خدمت کے تصور کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ غیر جماعتی نظام میں سیاسی جوابدہی ختم ہو جاتی ہے۔ امیر جماعت اسلامی ملتان نے شہر کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملتان کا ٹریفک نظام بری طرح مفلوج ہے اور نوجوانوں پر بلاجواز ایف آئی آرز کا سلسلہ تشویشناک ہے۔ غیر متناسب جرمانے ملازمت پیشہ طبقے پر شدید مالی دباؤ کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چنگچی رکشوں پر پابندی لگانے سے قبل حکومت متبادل ذرائع آمدورفت فراہم کرے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حکومت ایسی قانون سازی سے باز رہے جو پہلے ہی دبے ہوئے طبقے پر مزید معاشی بوجھ ڈال دے۔ صہیب عمار صدیقی نے ڈینگی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ نہ اسپرے مہم دکھائی دیتی ہے نہ حکومتی حکمت عملی۔ اگر مقامی حکومتیں بااختیار ہوتیں تو ڈینگی سمیت ایسے مسائل فوری حل کیے جا سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اس ملک کی اصل قوت ہیں، انہیں فیصلہ سازی میں شامل کرنا ناگزیر ہے۔ شفاف، مضبوط اور بااختیار بلدیاتی نظام ہی عوام کو ریلیف دے سکتا ہے اور مقامی سطح پر ترقی کی حقیقی بنیاد رکھ سکتا ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس عوام دشمن بلدیاتی ایکٹ کے خلاف اپنی پُرامن احتجاجی مہم جاری رکھے گی اور عوام کے حقِ حکمرانی کی جدوجہد ہر فورم پر بھرپور انداز میں جاری رہے گی۔