سیف سٹی —— شہریوں کے تحفظ کیلئے احسن اقدام

کالم نگار میاں نعیم ارشد

سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ، سابق ایمبیسڈر اسپین خیام اکبر، سابق ایم پی اے ڈاکٹر جاوید صدیقی، ماہرِ تعلیم، سینئر سماجی رہنما و کالم نگار میاں نعیم ارشد اور ضلعی صدر ہیڈ ماسٹرز اینڈ پرنسپلز ایسوسی ایشن ملتان ریاض احمد آصف کی قیادت میں سول سوسائٹی اور اساتذہ کے نمائندہ وفد نے سیف سٹی کا دورہ کیا۔ اس پروگرام کے انتظامات اور کوآرڈینیشن میں عادل محمود انصاری نے بھرپور کردار ادا کیا۔ اس موقع پر ایس پی سیف سٹی ملتان نصراللہ وڑائچ نے وفد کا استقبال کیا اور سیف سٹی ملتان کی ورکنگ، جدید ٹیکنالوجی اور عوامی تحفظ کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وفد کو لائیو کیمرہ مانیٹرنگ، ورچوئل پیٹرولنگ اور جدید نگرانی کے نظام کے ذریعے جرائم کی روک تھام کے عملی اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی، ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن، ورچوئل بلڈ بینک، پبلک سیفٹی ایپ اور پرائیویٹ سیفٹی کیمروں کے انضمام جیسے منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

ایس پی سیف سٹی ملتان نصراللہ وڑائچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیف سٹی پروجیکٹ پنجاب حکومت کا احسن قدم اور کامیاب منصوبہ ہے جسے عوام کی مکمل حمایت اور تائید حاصل ہے۔ اس وقت پنجاب کے 18 اضلاع میں سیف سٹی پروجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ رواں سال تحصیل سطح پر اس پروجیکٹ کا دائرہ کار مزید بڑھا دیا جائے گا۔ ملتان شہر میں 400 جدید ترین کیمرے نصب کیے گئے ہیں جن کے ذریعے سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ موٹر سائیکل سواروں کو لائسنس اور ہیلمٹ کا استعمال کرنا چاہیے جبکہ کار ڈرائیوروں کے لیے سیٹ بیلٹ کا استعمال بھی لازمی ہے، ورنہ بلا امتیاز چالان ہوگا۔ موبائل فون کا استعمال بھی ممنوع ہے۔ قانون کی خلاف ورزی عام آدمی سے ہو یا بااثر شخص سے، سب کا چالان ہوگا۔ اس سے جرائم پیشہ افراد کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ سیف سٹی پروجیکٹ کے بارے میں تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات، اساتذہ کرام، سوشل ورکرز، میڈیا اور سول سوسائٹی ملتان کے نمائندہ افراد کو بریفنگ کے ذریعے آگاہی دی جا رہی ہے۔ وفود کو باور کرایا جا رہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جرائم پر قابو پانے کے لیے پنجاب پولیس کو مکمل معاونت فراہم کی جاتی ہے۔ سیف سٹی پروجیکٹ کے جدید نظام سے جرائم کو کنٹرول کیا جا رہا ہے۔ عوام سیف سٹی پروجیکٹ کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، یہی ہماری کامیابی ہے۔ عوام کے مکمل تعاون سے ملتان کو کرائم فری سٹی بنایا جائے گا۔

سول سوسائٹی اور اساتذہ کرام کے نمائندہ وفد نے سیف سٹی ملتان کے جدید نظام میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور شہری تحفظ کے لیے ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کو سراہا۔ اس دورے کا مقصد اساتذہ کرام کو جدید پولیسنگ، ٹیکنالوجی اور سمارٹ سیکیورٹی سسٹمز سے آگاہ کرنا تھا تاکہ وہ سکولز، کالجز اور یونیورسٹیز میں اپنے طالب علموں کو آگاہ کریں اور وہ محفوظ و باخبر شہری بن سکیں۔

سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے سیف سٹی اتھارٹی کا قیام خوش آئند اقدام ہے۔ اس سے جرائم کی روک تھام اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ طلبہ، طالبات اور عام شہریوں میں احساسِ تحفظ پیدا ہوگا۔ انہوں نے انچارج سیف سٹی اتھارٹی ملتان ڈویژن جناب نصراللہ وڑائچ کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا کہ سیف سٹی آگاہی مہم کو کامیاب بنایا جائے گا۔

سیف سٹی پروجیکٹ کے دورے کے موقع پر سابق چیئرمین تعلیمی بورڈ ملتان و پرنسپل گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول ایاز آباد مڑل ملتان حافظ محمد قاسم، انچارج مانیٹرنگ سیل ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ملتان میاں منیر احمد ارائیں، ایجوکیشن آفیسر بہاول قیوم، ڈائریکٹر اقبال گروپ آف اسکولز ملتان محمد اقبال شاہد، ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول خان پور مڑل علی احمد قریشی، پرنسپل گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول سمیجہ آباد ملتان محمد اختر چیمہ، ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول صدیق آباد (نہالے والہ) ملتان وقاص فاروق، ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول جام پور ایسٹ ملتان عبدالقدیر احمد خان، سینیئر ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول گلزارپور شاہد اشرف، سینیئر ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول چک نمبر 14 فیض ملتان ظفر خان بابر، ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول بوسن ہٹھار ملتان ثمر عباس، صدر پنجاب ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن ملتان راؤ محمد اجمل، پرنسپل گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول لاڑ ڈاکٹر رانا قمر عباس، مقامی رہنما انجمن اساتذہ پاکستان رانا محمد یوسف نون، محمد اسلم صدیقی، حافظ اقبال احمد ، ماہر تعلیم رائے خالد محمود اور دیگر ہیڈ ٹیچرز و اساتذہ کرام موجود تھے۔