ملتان:  پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کی صدر و رکن پنجاب اسمبلی شازیہ عابد ڈویژنل صدر ملتان شگفتہ حبیب کے ہمراہ ڈویژنل جنرل سیکرٹری ڈاکٹر حمیدہ خانم کی رہائش گاہ قادر پور راں پہنچیں جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر ان کے اعزاز میں ایک پروقار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پارٹی رہنماؤں، خواتین ونگ کی عہدیداروں، مقامی کارکنوں اور معززینِ علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کی صدر و ایم پی اے شازیہ عابد نے کہا کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کے لیے فضا تیزی سے ہموار ہو رہی ہے اور عوام ایک بار پھر ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو شہید کے نظریات کی طرف رجوع کر رہے ہیں پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو عوامی مسائل کا حقیقی ادراک رکھتی ہے اور جنوبی پنجاب سمیت پورے صوبے میں پارٹی کو منظم و فعال بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ شازیہ عابد نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کے منشور، جدوجہد اور قیادت کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔بلدیاتی انتخابات ہوئے تو پارٹی بھر پور حصہ لے گی پیپلز پارٹی ملتان ڈویژن کی صدر شگفتہ حبیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنظیمی سطح پرپارٹی کی مضبوطی اولین ترجیح ہے اور ڈویژن بھر میں قیادت کے وژن کے مطابق تنظیموں کے مو ثر اور مضبوط کردار کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں سیاسی جدوجہد کا نیا باب رقم کرنے جا رہی ہے اور آنے والا وقت پارٹی کی کامیابیوں کا ثبوت ہوگا۔انہوں نے شازیہ عابد کی قائدانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب میں ان کی قیادت پارٹی کے لیے مضبوط ستون کی حیثیت رکھتی ہے۔ڈویژنل جنرل سیکرٹری اور میزبانِ تقریب ڈاکٹر حمیدہ خانم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شازیہ عابد اور شگفتہ حبیب کی آمد پارٹی کارکنوں کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیمی سطح پر خواتین کی شمولیت اور کردار کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ پارٹی کے پیغام کو ہر گھر تک پہنچایا جا سکے۔انہوں نے استقبالیہ تقریب میں شرکت کرنے والے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کی آواز رہی ہے اور رہے گی۔