ملتان : پنجابی راجپوت رابطہ کونسل پاکستان کے زیرِ انتظام پنجابی راجپوت ویلفیئر سوسائٹی کا ماہانہ اجلاس چیئرمین رانا شمشیر علی کی رہائش گاہ 145 ایف فاطمہ ٹاون ملتان میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں برادری کے نمائندگان، تنظیمی عہدیداران اور معزز عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت پنجابی راجپوت ویلفیئر سوسائٹی کے چیئرمین رانا شمشیر علی نے کی، جبکہ چیف آرگنائزر محمد جمیل شاہین راجپوت ، صدر ندیم خان راجپوت، فنانس سیکرٹری امانت علی، انفارمیشن سیکرٹری منظور حسین اختر سمیت حاجی عبد الستار ، صوبیدار محمد ایوب جوئیہ اور خالد فاروق شریک ہوئے۔ اس کے علاؤہ چوہدری وحید گوہر ، پروفیسر محمد اصغر، حاجی محمد مشتاق اور زبیر احمد نے آن لائین شرکت کی۔ اجلاس میں سیلاب زدگان کی امدادی سرگرمیوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور امدادی رقوم و سامان کی تقسیم اور اخراجات سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔ صدر ندیم خان راجپوت نے تنظیم کی سابقہ کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے آئندہ کے لائحہ عمل سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر پنجابی راجپوت رابطہ کونسل کا دائرہ مزید بڑھانے اور مختلف تنظیموں سے روابط مضبوط کرنے پر بھی مشاورت کی گئی۔ چیف آرگنائزر محمد جمیل شاہین راجپوت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برادری میں اتفاق وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تنظیم خدمتِ خلق کے مشن کو جاری رکھے گی اور ضرورت مندوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔