ملتان:  پاکستان سرائیکی پارٹی رجسٹرڈ کے مرکزی صدر ملک اللہ نواز وینس اور مرکزی چیف آرگنائزر احمد نواز سومرو نے پرانا شجاعباد روڈ پر واقع سب سیکرٹریٹ پاکستان سرائیکی پارٹی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرائیکی قوم کو اُس کے جائز حقوق صرف صوبہ سرائیکستان کے قیام سے ہی مل سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے سرائیکی وسیب میں شدید تباہی مچائی ہے۔ ہزاروں افراد بے سروسامانی کے عالم میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، لیکن حکومت کی طرف سے ابھی تک خاطر خواہ اقدامات دیکھنے کو نہیں ملے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔رہنماؤں نے خبردار کیا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں جس سے انسانوں کے ساتھ ساتھ جانور بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ فوری طور پر میڈیکل ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں بھیجے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے زراعت کا شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے، کھڑی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں، اور کسان شدید مشکلات کا شکار ہیں۔پاکستان سرائیکی پارٹی نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ کسانوں کے زرعی قرضے معاف کیے جائیں، بجلی، ڈیزل، کھاد، اسپرے، زرعی ادویات و آلات کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے اور کسانوں کو بلا سود قرضے فراہم کیے جائیں۔ اگر موجودہ صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو ملک کو غذائی بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہنے کو تو کسان ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہے، مگر عملی طور پر اُن کے ساتھ سوتیلا سلوک کیا جا رہا ہے۔ ملک اللہ نواز وینس نے اعلان کیا کہ پاکستان سرائیکی پارٹی آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور ہر حلقے سے اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو بیوروکریسی کے رحم و کرم پر چھوڑنے کی بجائے عوام کے منتخب نمائندوں کو بااختیار بنایا جائے تاکہ وہ عوام کی بہتر خدمت کر سکیں اور ان کے مسائل حل ہوں۔ پریس کانفرنس میں پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے جن میں ڈپٹی سیکرٹری ملک محمد فہیم ارائیں، ڈویژنل صدر مہر ربنواز چاون، یوتھ صدر ملک عبداللہ نواز بوہنہ، سٹی صدر محمد اجمل خان، سٹی نائب صدر ارشاد عباسی، محمد صادق خان اور محمد طاہر بھٹہ شامل تھے۔