ملتان(صفدربخاری سے) بی زیڈ یونیورسٹی ملتان کے شعبہ اسپورٹس سائنسز کے زیراہتمام چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر سیدہ عذرا بتول کی قیادت میں ایک شاندار اور پرجوش انٹر سمسٹر کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد کیا گیا، جس نے یونیورسٹی میں کھیلوں کے جذبے کو نئی توانائی بخشی۔ سرسبز و شاداب گراؤنڈ میں کھیلے گئے یہ میچز طلباء کی غیر معمولی مہارت، بہترین ٹیم ورک، اور کھیل کے جذبے کی جیتی جاگتی مثال تھے۔ کرکٹ کے ان دلچسپ مقابلوں نے نہ صرف کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع فراہم کیا بلکہ شائقین کے لیے بھی تفریح اور جوش و خروش سے بھرپور ماحول پیدا کیا۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر تیسرے سمسٹر کی ٹیم نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرافی اپنے نام کی۔ جیتنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ان کی عمدہ کارکردگی پر حاضرین نے بھرپور داد دی۔ ایونٹ کے کامیاب انعقاد میں ڈاکٹر زیشان ہمدانی، مس مہرین صبا، ملک ارشد جمشید، اور ذوالقرنین حیدر نے کلیدی کردار ادا کیا، جن کی انتھک محنت اور انتظامی صلاحیتوں نے اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی پیشہ ورانہ مہارت کو مزید اجاگر کیا۔ چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر سیدہ عذرا بتول نے طلباء کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ “بی زیڈ یونیورسٹی میں کھیلوں کی سرگرمیوں کا مقصد صرف مقابلہ نہیں بلکہ صحت مند، بااعتماد اور متوازن طلبہ تیار کرنا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ کھیل شخصیت سازی، نظم و ضبط اور قیادت کے اوصاف پیدا کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ اور اسپورٹس سائنسز ڈیپارٹمنٹ نے اعلان کیا ہے کہ مستقبل میں بھی اسی نوعیت کے مزید ایونٹس منعقد کیے جائیں گے تاکہ طلبہ کی کھیلوں میں دلچسپی کو فروغ دیا جا سکے اور بی زیڈ یو کو کھیلوں کے میدان میں نمایاں مقام دلایا جا سکے۔ آخر میں، تقریب میں شریک اساتذہ و طلبہ نے فاتح ٹیم کو دل سے مبارکباد دی اور بی زیڈ یونیورسٹی میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ڈاکٹر سیدہ عذرا بتول اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔