ملتان: معروف ماہر امراض دل،ہارمونز،شوگر و بلڈ پریشر ڈاکٹر محمد اکمل مدنی نے 29 ستمبر عالمی یوم قلب پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ صحت مند دل ہی خوشحال زندگی کی ضمانت ہے، پاکستان دل کی تکالیف سے اموات کے اعتبار سے دنیا میں 30 ویں نمبر پر ہے اور 29 فیصد اموات دل کی بیماریوں کے باعث ہورہی ہیں جبکہ ملک بھر میں سالانہ چار لاکھ افراد دل کی بیماریوں کے باعث موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں،60 برس تک کی عمر کے ہر چار میں سے ایک شخص دل کی شریانوں کی کمزوری میں مبتلا ہے اور30 سال سے کم عمر افراد کوزیادہ خطرات لاحق ہیں، تمباکو نوشی، مرغن غذائیں، موٹاپا، ہائی بلڈ پریشر امراض قلب کی بڑی وجہ ہیں،66 سال کی عمر کے مرد اور 70 سال کی عمر تک کی خواتین میں ہارٹ اٹیک کے زیادہ امکانات ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دل کے مریض آدھے گھنٹے کی واک کو اپنی زندگی کا حصہ بنالیں اور اگر آپ ایسا ایک سے تین ماہ تک کریں گے تو امراض قلب ہی نہیں دیگر کئی بیماریوں سے بھی نجات حاصل کر لیں گے۔ڈاکٹر محمد اکمل مدنی نے کہا کہ غیر صحت مند خوراک جیسے چینی، نمک، چکنائی اور تلی ہوئی اشیاء کا زیادہ استعمال دل کی بیماریوں کی بڑی وجوہات میں سے ایک ہے،خوراک میں سبزیوں اور پھلوں کے زیادہ استعمال سے دل کی بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے۔