امریکی صدر ٹرمپ اور وزیر اعظم شہباز شریف کی ملاقات ، فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی سفارتی بصیرت و حکمت عملی کا نتیجہ: عمار رضا شیخ
ملتان (صفدربخاری سے) ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایگزیکٹو ممبر عمار رضا شیخ نے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے درمیان حالیہ اہم ملاقات کو پاکستان کی خارجہ پالیسی اور بین الاقوامی تعلقات کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔ اُنہوں نے اس ملاقات کو ممکن بنانے میں فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی حکمتِ عملی، سفارتی بصیرت اور غیر معمولی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنرل عاصم منیر نے ہمیشہ ملک و قوم کے وقار، سلامتی اور بین الاقوامی تشخص کو بلند رکھنے کے لیے مثالی کردار ادا کیا ہے ایک بیان میں عمار رضا شیخ نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو بہتر بنانے اور امریکا جیسے عالمی طاقتور ملک کے ساتھ باوقار انداز میں مکالمہ کرنے کے لیے ایسے اقدامات انتہائی خوش آئند ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنرل عاصم منیر کی عسکری قیادت میں نہ صرف ملکی سرحدوں کو محفوظ بنایا گیا بلکہ عالمی سفارت کاری میں بھی پاکستان کو مضبوط مقام دلایا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کاروباری برادری امید رکھتی ہے کہ اس ملاقات کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، معاشی اور صنعتی تعاون کے نئے دروازے کھلیں گے۔ خاص طور پر ایکسپورٹ، ٹیکنالوجی ٹرانسفر، زراعت، اور توانائی کے شعبوں میں مشترکہ منصوبہ جات کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے، جس سے پاکستان کی معیشت کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی پالیسی ساز قیادت کو چاہیے کہ وہ جنرل عاصم منیر جیسے وژنری لیڈرز کے ساتھ مل کر قومی مفادات کے تحفظ کو اولین ترجیح بنائے اور عالمی تعلقات میں توازن قائم رکھے۔عمار رضا شیخ نے آخر میں کہا کہ ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری حکومت پاکستان اور عسکری قیادت کے ان تمام اقدامات کی بھرپور حمایت کرتا ہے جو پاکستان کو ایک مضبوط، خودمختار اور خوشحال ملک بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔







































Visit Today : 139
Visit Yesterday : 511
This Month : 10533
This Year : 58369
Total Visit : 163357
Hits Today : 1394
Total Hits : 800820
Who's Online : 3






















