وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ سے ملاقات،صدر ٹرمپ امن کے علمبردار ہیں : وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امن کے علمبردار ہیں اور ان کی قیادت میں پاک امریکا تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وائٹ ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے امریکی صدر سے خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کو عالمی سطح پر تنازعات کے خاتمے کے لیے مخلصانہ کوششوں پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پاک بھارت سیزفائر میں صدر ٹرمپ کے جرات مندانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے خطے کو ایک بڑے سانحے سے بچا لیا گیا۔ مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر گفتگو کے دوران وزیراعظم نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے صدر ٹرمپ کی کاوشوں کو قابلِ تعریف قرار دیا، بالخصوص نیویارک میں مسلم دنیا کے رہنماؤں کو امن مشاورت کے لیے مدعو کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور امریکا کے مابین رواں سال طے پانے والے ٹیرف معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امریکی کمپنیوں کو زراعت، آئی ٹی، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ ملاقات میں خطے کی سلامتی اور انسداد دہشتگردی کے موضوعات پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے انسداد دہشتگردی میں پاکستان کے کردار کی توثیق پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سکیورٹی و انٹیلیجنس تعاون کو مزید بڑھانے پر زور دیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔







































Visit Today : 140
Visit Yesterday : 511
This Month : 10534
This Year : 58370
Total Visit : 163358
Hits Today : 1429
Total Hits : 800855
Who's Online : 3






















