قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے بروقت منصوبہ بندی ناگزیر ہے: سید ذیشان اختر امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب
ملتان (صفدربخاری سے)جماعت اسلامی جنوبی پنجاب کے امیر سیّد ذیشان اختر نے الخدمت خیمہ بستی شیر شاہ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی آزمائش کی ہر گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بستی محض خیموں کا ایک سلسلہ نہیں بلکہ خدمت، ایثار اور قربانی کا عملی مظہر تھی، جہاں درجنوں متاثرہ خاندانوں کو عارضی رہائش، خوراک اور بنیادی سہولتیں فراہم کی گئیں۔ اس موقع پر صہیب عمار صدیقی امیر جماعت اسلامی ملتان، خواجہ صغیر احمد نائب امیر ضلع، سید عبدالقادر شاہ صدر الخدمت فاؤنڈیشن ملتان، چوہدری محمد امین امیر زون غربی اور دیگر ذمہ دران موجود تھے اختتامی تقریب میں 92 متاثرہ خاندانوں کو ایک ماہ کا راشن، چارپائیاں اور ہائی جین کٹس فراہم کی گئیں۔ صہیب عمار صدیقی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن نے ہمیشہ آزمائش کے وقت عوام کی خدمت کو اولین ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیر شاہ خیمہ بستی، انسانی ہمدردی اور اجتماعی تعاون کی ایک روشن مثال ہے، جو یہ ثابت کرتی ہے کہ جماعت اسلامی عوامی خدمت کے میدان میں ہر اول دستہ ہے۔ امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب سیّد ذیشان اختر نے اپنے خطاب میں کہا کہ قدرتی آفات اور زمینی حادثات انسان کے اختیار میں نہیں، لیکن بروقت ایکشن پلان، مضبوط نظام اور مربوط حکمتِ عملی کے ذریعے نقصانات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وقتی ریلیف اقدامات سے آگے بڑھ کر ایک پائیدار اور مؤثر نظام تشکیل دیا جائے تاکہ عوام کو کسی بھی قدرتی آفت کے وقت بے سہارا نہ ہونا پڑے۔ امیر صوبہ نے کہا کہ جماعت اسلامی ہر مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی اور متاثرہ خاندانوں کی بحالی اور استحکام کے لیے کوشش کرے گی ۔







































Visit Today : 140
Visit Yesterday : 511
This Month : 10534
This Year : 58370
Total Visit : 163358
Hits Today : 1420
Total Hits : 800846
Who's Online : 4






















