ملتان (صفدر بخاری سے) تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر بیرسٹر ملک تیمور الطاف مہے نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی میرا مشن ہے، جب تک متاثرہ خاندانوں کو مکمل سہولتیں فراہم نہیں کر دی جاتیں خدمت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ وہ اپنے حلقہ این اے 148 کے علاقے موضع سانبل، حاجی پورہ اور اکبرپور میں درجنوں سیلاب زدگان خاندانوں میں راشن تقسیم کرنے کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ بیرسٹر ملک تیمور الطاف مہے نے کہا کہ سیلاب ایک بڑی آفت ہے جس نے سینکڑوں خاندانوں کو متاثر کیا، ایسے وقت میں مخیر حضرات اور سیاسی نمائندوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے دکھ درد میں شریک ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں اور میری پوری ٹیم نے حالیہ سیلاب کے دنوں میں جس طرح متاثرین کے ساتھ کھڑے ہوکر امداد فراہم کی، اسی جذبے کے ساتھ بحالی کے عمل میں بھی ہر ممکن کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے دروازے عوام کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں، اور میں ذاتی طور پر متاثرین کی مشکلات کے ازالے کے لیے کوشاں ہوں۔ بیرسٹر تیمور الطاف مہے نے مزید کہا کہ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں زیادہ سے زیادہ متاثرین کی خدمت کرنے اور ان کی زندگیوں کو آسان بنانے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے اہلِ خیر سے بھی اپیل کی کہ وہ سیلاب متاثرین کے ساتھ بڑھ چڑھ کر تعاون کریں تاکہ ان کے زخموں پر مرہم رکھا جا سکے۔